پاکستانی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے تو 13 اکتوبر 2023 کو ہندو برادری کے ارکان پاکستان کی فتح کی دعا کے لیے جمع ہیں۔ (اے این فوٹو)
بلوچستان کے ہندو پاک-بھارت میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کی فتح کے لیے دعا گو
دو درجن سے زائد ہندو عقیدت مند جمعے کی رات بلوچستان کے تاریخی آریہ سماج مندر میں جمع ہوئے اور ورلڈ کپ کے نہایت اہم مقابلے میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی فتح کے لیے پرجوش انداز میں دعا کی جو آج احمد آباد کے 132,000 نشستوں والے اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلا جا رہا ہے۔
میچ کی جذباتی اپیل اس شدید رقابت کی مرہون منت ہے جو دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچوں کی تاریخی طور پر خصوصیت ہے جس میں بھارت نے ورلڈ کپ کے مقابلوں میں پاکستان کے خلاف 7-0 کا بے داغ ریکارڈ بنا رکھا ہے۔ یہ 1978 کے بعد سے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی مجموعی سبقت کے بالکل برعکس ہے جس میں پاکستان کو 73-56 کی واضح برتری حاصل ہے۔
تاہم پاکستان کے کپتان بابر اعظم ہندوستان کے ورلڈ کپ کے غلبے سے بے نیاز ہیں۔ جمعے کے روز میڈیا سے گفتگو کے دوران اسے ماضی کی یادگار قرار دیتے ہوئے انہوں نے بے باکی سے کہا کہ "ریکارڈ توڑنے کے لیے ہوتے ہیں۔"
عرب نیوز کے ساتھ گفتگو میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے تاجر امر لال نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ہندو برادری قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور روہت شرما کی قیادت میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم پر فتح کی شدت سے توقع ہے۔
انہوں نے کہا، "ہم پاکستان کی مکمل حمایت کر رہے ہیں کیونکہ احمد آباد کرکٹ سٹیڈیم میں بھارت کے خلاف جیت سے پوری قوم کو بے پناہ خوشی ملے گی۔"
انہوں نے مزید کہا، "میں نے ماتا رانی کے سامنے خصوصی دعا کی کہ کل کے میچ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف فتح ملے۔"
اعظم اور ان کا دستہ اپنے گروپ مرحلے کے دونوں مقابلوں میں فتح یاب ہوا ہے۔
ٹاپ آرڈر بلے بازوں اور کلیدی گیند بازوں کی کمزوری کے بارے میں شائقین کے خدشات کے باوجود ٹیم نے سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں ورلڈ کپ کی تاریخ میں 345 رنز کا کامیاب ترین تعاقب کر کے تاریخ رقم کی۔
کوئٹہ میں ہندو پنچایت کے سابق صدر راج کمار نے امید ظاہر کی کہ بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے اتنے میچ ہارنے کے بعد پاکستان آج کا میچ جیتے گا۔
انہوں نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا، "ہم پر امید ہیں اور ہندوستان کے خلاف پاکستانی ٹیم کی فتح کی خصوصی دعا کے لیے ہم نے یہاں جمع ہونے اور دنیا کو دکھانے کا فیصلہ کیا ہے کہ پوری قوم ٹیم کی حمایت میں متحد ہے۔"
کمار نے مزید کہا کہ اگر پاکستان بھارت میں جاری ٹورنامنٹ جیت جاتا ہے تو یہ سب کے لیے بہت بڑا لمحہ ہوگا۔