pakistan Army

گوادر میں فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم پر حملہ، دو اہل کار جاں بحق

پاکستان میں رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں اس طرح کے پر تشدد واقعات میں 432 افراد ہلاک ہو چکے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر کے انقرہ ڈیم کے علاقے میں پاکستانی فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ پر حملہ ہوا، جس میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔

پولیس کے ایک بیان کے مطابق بم ناکارہ بنانے والی پاکستانی فوج کی ٹیم پر اتوار کے روز اس وقت نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی، جب وہ انقرہ ڈیم کے علاقے میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے کام میں مصروف تھی۔ گولیاں لگنے سے دو فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ چار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔

گوادر کے ڈپٹی کمشنر اورنگزیب بادینی کے مطابق: ''فائرنگ کا واقعہ بندرگاہی شہر (گوادر) سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، جس میں دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔'' ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو جی ڈی اے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔‘

واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سپاہی ظہور اور الطاف کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ زخمیوں میں حوالدار ساجد حسین، سپاہی تجمل حسین، سپاہی ابرار احمد اور سپاہی گل حیدر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ بیس مارچ کو بھی گوادر میں ایک سرکاری عمارت پر شدت پسندوں نے دھاوا بول دیا تھا، جسے سکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائی سے ناکام بنا دیا تھا۔ اس تصادم میں آٹھ مسلح دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں