پاکستان نے غزہ کے لیے 40 ٹن امدادی سامان کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 27 اپریل 2025 کو عمان، اردن کے لیے روانہ کیا۔ (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی)پاکستان نے غزہ کے لیے 40 ٹن امدادی سامان کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 27 اپریل 2025 کو عمان، اردن کے لیے روانہ کیا۔ (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی)
غزہ : فلسطینیوں کے لیے پاکستان سے مزید 40 ٹن امدادی سامان روانہ
پاکستان نے غزہ کے زیر محاصرہ اور اسرائیلی فوج کے بھوک اور قحط کے ہتھیاروں کا مقابلہ کرتے کرتے جانیں دینے والے اہل غزہ کے لیے مزید چالیس ٹن امدادی سامان روانہ کیا ہے۔ یہ سامان نیشنل 'ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی' کے مطابق اتوار کے روز کراچی کے ایک چارٹر طیارے میں بھجوایا ہے۔
'این ڈی ایم اے' کے مطابق یہ غزہ کے جنگ زدہ اور زیر محاصرہ فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان کی 15 ویں کھیپ ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر مشرق وسطیٰ میں بھیجی جانے والی 26 ویں کھیپ ہے۔ اس تازہ کھیپ میں 20 ٹن ادویات، 5 ٹن میڈیکل کٹس اور 15 ٹن خیمے ارسال کیے گئے ہیں۔
ادھر غزہ کی وزارت صحت نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں مزید 51 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق بمباری کے بعد ان شہدا کی باقیات ملی ہیں۔
وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک اسرائیل کی 18 ماہ سے زائد پر پھیل چکی غزہ جنگ میں 52243 فلسطینی جاں بحق ہو چکی ہے۔
غزہ میں کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق اب ملبے سے لاشیں نکالنے کی کوشیش بھی جاری ہیں۔ پاکستان کا 'این ڈی ایم اے' امدادی سامان لے کر اردن گیا ہے جہاں سے یہ سامان آگے غزہ پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
یاد رہے اسرائیلی فوج نے 2 مارچ سے غزہ کی ایک بار پھر بد ترین ناکہ بندی کر رکھی ہے تاکہ غزہ کے 24 لاکھ کے قریب جنگ زدہ اور مسلسل بمباری کی زد میں فلسطینیوں کو کھانے پینے کو کچھ دستیاب ہو نہ ادویات اور طبی امداد مل سکے۔ اسرائیل کو یہ سب ظلم کرنے کی ایسی اندھی اجازت ہے کہ کوئی ملک اسے روکنے کے لیے موجود نہیں ہے۔
تاہم پاکستان کی طرف سے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو مسلسل امدادی سامان بھیجنے کی کوشش کی جاری ہے۔ اب تک پاکستان کی طرف سے 1518 ٹن امدادی سامان غزہ بھیجا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان نے 416 ٹن امدادی سامان اسرائیلی بمباری کے بعد لبنان بھی بھجا ہے ۔ اسی طرح شام کے جنگ زدہ عوام کے لیے 111 ٹن امدادی سامان بھیجا ہے۔
' این ڈی ایم اے ' کی طرف سے کہا گیا کہ 'حکومت پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے اپنے عزم پر آج بھی قائم ہے ، اس لیے جنگی بحران سے متاثرہ فلسطینی بھائیوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرتی رہے گی۔'