pakistani delegation in Newyork

پاکستانی وفد کی او آئی سی مندوبین کو پاک بھارت کشیدگی پر بریفنگ

بھارت کو جامع مذاکرات کی بحالی پر مجبور کیا جائے: پاکستان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سابق وزیر خارجہ پاکستان اور چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے ایک وفد نے نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کو بھارت کی حالیہ جارحیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد نے واضح کیا کہ بھارت جان بوجھ کرخطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے سرحد پار حملوں کا جواز پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے پہلگام حملے کو پاکستان سے جوڑنے کی بھارتی کوشش کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بغیر تحقیق الزام لگانا بذات خود سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے پانی کو ہتھیار بنانے کی بھارتی کوششوں کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ بھارت کروڑوں انسانوں کو سزا دینا چاہتا ہے۔

او آئی سی کے مستقل نمائندوں نے پاکستان کی بروقت اور شفاف بریفنگ کو سراہا اور پاکستان اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے جنوبی ایشیا میں بگڑتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور انڈس واٹر ٹریٹی سمیت تمام معاہدوں کے تقدس کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

او آئی سی ممالک نے تمام تنازعات، بالخصوص مسئلہ جموں و کشمیر، کے پُرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پاکستان کی سفارتی اور مذاکراتی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں