مصر میں حمزہ شیراز اور جرمنی کے ایلم بیگک کے درمیان مقابلے کے منظر۔ (تصویر کا کریڈٹ موجود نہیں)
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے مصر میں ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ ٹائٹل جیت لیا
جرمنی کے ایلم بیگک کو دوسرے راؤنڈ میں شکست دی
برطانوی پاکستانی باکسر حمزہ شیراز نے اتوار کو مصر میں جرمنی کے ایلم بیگک کو دوسرے مرحلے میں شکست دے کر اپنی اولین ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ مخالف کھلاڑی کے مقابلہ جاری نہ رکھ سکنے کے باعث انہیں یہ فتح ملی۔
چھبیس سالہ شیراز پہلے ہی راؤنڈ سے اپنے حریف پر حاوی ہو گئے اور 39 سالہ بیگ کے جسم پر سخت ضربیں لگائیں جس سے بالآخر وہ نیچے گر گئے۔ بیگک گنتی ختم ہونے سے پہلے اٹھ کر کھڑے ہونے میں ناکام رہے تو ریفری نے لڑائی ختم کر دی، بی بی سی سپورٹس نے بتایا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی نے ایکس پر لکھا، "پاکستان کی طرف سے ایک اور چیمپئن۔ دنیا کے سپر مڈل ویٹ چیمپئن حمزہ شیراز کو مبارک ہو!"
شیراز ریفری کے جیتنے کا اعلان کرنے کے بعد فوراً سجدے میں گر گئے۔ پھر اپنے ساتھیوں کے ساتھ فتح کی خوشی منائی۔
انہیں ریٹائرڈ ٹیرینس کرافورڈ کی خالی کردہ ڈبلیو بی او بیلٹ ملی۔
ای ایس پی این کے مطابق شیراز نے اس کے بعد کہا، "میں نے آج رات وہی کیا جو مجھے کرنا تھا۔ اسے غلط نہ سمجھیں لیکن اس سے میں عالمی سطح پر پہنچ گیا ہوں اور 168 پاؤنڈز کے تمام کھلاڑیوں سے مقابلے کا خواہشمند ہوں۔"
نیز کہا، "سادہ سی بات تھی، میں نے دیکھا کہ جب میں نے پہلا پنچ لگایا تو وہ (مخالف کھلاڑی) بہت منفی تھا اور میری توجہ اسے نیچے گرانے اور جیتنے پر تھی۔"
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر گذشتہ سالوں میں اپنی شاندار کارکردگی کی بنا پر تمام دنیا میں سرخیوں میں ہیں۔
انہوں نے گذشتہ جولائی میں نیویارک میں ایڈگر برلنگا کے خلاف پانچویں راؤنڈ تک مقابلہ کیا اور گذشتہ سال فروری میں عالمی اعزاز کے لیے سابقہ کوشش میں ڈبلیو بی سی مڈل ویٹ چیمپئن کارلوس ایڈمز کے خلاف ان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی جس میں بہتری لانے کے لیے وہ پرعزم تھے۔
ستمبر 2024 میں انہوں نے لندن میں ویمبلے سٹیڈیم میں ٹائلر ڈینی کو شکست دے کر یورپی مڈل ویٹ ٹائٹل جیتا تھا۔