4732717-253047325

عمران خان کی بہن کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ سوشل میڈیا مہم پر نوٹس جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن نورین نیازی کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر مہم پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔

این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد انکوائری کے سلسلے میں تفتیش جاری رہی ہے۔

نوٹس میں نورین نیازی سے کہا گیا ہے کہ آپ کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ جھوٹا، جارحانہ اور اشتعال انگیز سوشل میڈیا مواد پھیلاتے ہوئے پایا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو انکوائری کے سلسلے میں اسلام آباد میں بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اور انکوائری نمبر RE-2031/2026 کے تحت طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے یا کہنے کو کچھ نہیں ہے۔

معرکۂ حق پر نورین نیازی کا نیا دعویٰ

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کا معرکۂ حق اور افواجِ پاکستان سے متعلق ایک نیابیان سامنے آیا ہے، جس پر سیاسی حلقوں میں مختلف ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

یو ٹیوب پر دیے گئے ایک انٹرویو میں نورین نیازی نے دعویٰ کیا کہ معرکۂ حق افواجِ پاکستان اور بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے درمیان گٹھ جوڑ کا نتیجہ تھا، بھارت نے اسرائیل کے کہنے پر پاکستان پر حملہ کرنے سے گریز کیا کیونکہ، پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہا تھا۔

نورین نیازی نے اپنے انٹرویو میں ان دعوؤں کے حق میں کوئی ثبوت یا دستاویزی شواہد پیش نہیں کیے، صرف ایک یوٹیوبر کے براڈ کاسٹ میں گفتگو کی ہے۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے افواجِ پاکستان، حکومتِ پاکستان، بھارتی حکومت یا اسرائیلی حکام کی جانب سے نورین نیازی کے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں