برطانیہ میں ایرانی سفیر طلب، آئل ٹینکر سے متعلق یقین دہانیوں کی خلاف ورزی کی مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

برطانیہ نے منگل کے روز لندن میں متعیّن ایرانی سفیر کودفتر خارجہ میں طلب کیا ہے اور ان سے آئل ٹینکر سے متعلق یقین دہانیوں کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا ہے۔

ایران نے برطانیہ کو تیل بردار جہاز ادریان داریا1 سے متعلق یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ شام پرعاید یورپی یونین کی پابندیوں کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ ایران نے ادریان داریا سے متعلق کرائی گئی یقین دہانیوں کی مکمل بے توقیری کی ہے۔‘‘انھوں نے ایران پر ٹینکر پر لدے تیل کو شام میں منتقل کرنے سے متعلق وعدے کی پاسداری نہ کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔

انھوں نے کہا:’’تیل کی ( شامی صدر بشارالاسد کے) سفاک نظام کو فروخت ایرانی حکومت کے روایتی کردار کا حصہ ہے۔اس نے یہ علاقائی سلامتی کو تہس نہس کرنے کے لیے وضع اور اختیار کررکھا ہے‘‘۔

برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ ا س ماہ کے آخر میں اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے گا۔نئی سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق ایرانی آئل ٹینکر شام کے ساحلی علاقے میں بدستور موجود ہے۔اس جہاز پر اکیس لاکھ بیرل خام تیل لدا ہوا ہےاور اس کی مالیت تیرہ کروڑ ڈالر بتائی گئی تھی۔

چار جولائی کواس آئیل ٹینکر(سابق نام گریس اوّل) کو جبل الطارق میں برطانیہ کی شاہی بحریہ نے یورپی یونین کی شام پرعاید پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں تحویل میں لے لیا تھا۔اس کے دو ہفتے کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب نے خلیج میں برطانیہ کے ایک پرچم بردار جہاز کو پکڑ لیا تھا اور ابھی تک اس کو نہیں چھوڑا ہے۔

جبل الطارق کے ایک جج نے پندرہ اگست کو ایرانی آئل ٹینکر کو چھوڑنے کا حکم دیا تھا اور اس کے بعد جبل الطارق کے حکام نے اس شرط پر اس کو چھوڑنے کا حکم دیا تھا کہ اس پر لدے تیل کو شام نہیں بھیجا جائے گا۔ایرانی حکام نے گذشتہ ہفتے یہ کہا تھا کہ اس پر لدے تیل کو کسی نامعلوم خریدار کو فروخت کردیا گیا ہے۔

اس آئیل ٹینکر کے معاملے پر امریکا اور ایران کے درمیان بھی محاذ آرائی جاری ہے۔امریکا نے الزام عاید کیا کہ سپاہِ پاسداران انقلاب ایران نے شام کو ایرانی تیل بھیجنے کے لیے غیر قانونی طور پر امریکا کے مالیاتی نظام تک رسائی کی کوشش کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں