Your browser doesn’t support HTML5 video
گولیوں کی بوچھاڑ میں داعشی نونہالوں کی جنگی تربیت
ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے
شمالی شام کا شہر الرقہ ان دنوں داعش کے ننھنے جنگجوؤں کے فنون حرب وضرب کی تربیت گاہ بنا ہوا ہے جہاں مختلف ملکوں کے نوعمر بچوں کو سخت جنگی تربیت کے مراحل سے گزارا جاتا ہے تاکہ وہ 'دشمن' کا مردانہ وار مقابلہ کر سکیں۔
سماجی رابطے کی ویڈیو ویب سائٹ 'یو ٹیوب' پر مقبول ہونے والی ایک ویڈیو کے اندر الرقہ میں داعشی نونہالوں کی جنگی تربیت کا احوال دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں چھے برس کا کم عمر لڑکا کنہیوں اور گٹھنوں کے بل ایک ایسی تنگ جگا میں رینگ کر آگے بڑھا رہا ہے جس کے اوپر خاردار تار لگی ہوئی ہے۔ نامعلوم لڑکے کا مربی شامی لہجے میں اسے 'اللہ اکبر' کا نعرہ لگاتے ہوئے آگے بڑھنے کا جوش دلاتا ہے جبکہ نو عمر جنگجو کی کرالنگ کی رفتار کم ہونے پر باڑ میں اس کے سامنے اور پیروں کے پیچھے گولیوں کی بوچھاڑ کی جاتی ہے، جس کے بعد زیر تربیت ننھا جنگجو مزید تیزی سے کرالنگ شروع کر دیتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں مہینے کی آٹھ تاریخ کو دنیا کے سامنے ایک ایسے ہی نو عمر داعشی جنگجو کا بیان سامنے آیا جس میں وہ اسلحہ ہاتھ میں اٹھائے امریکا کے صدر براک اوباما سے جزیہ مانگ رہا تھا اور انکار کی صورت میں خلافت کی تلوار سے سر قلم کرنے کی دھمکی دیتا دیکھا گیا۔
دھمکی پر مبنی ویڈیو کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انگریزی ترجمے کے ساتھ اپ لوڈ کیا گیا تاکہ براہ راست امریکی صدر کی توجہ حاصل کر سکے۔