موبائل،فون
خبردار.. مرد حضرات موبائل فون سے دوستی کم کرلیں !
ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موبائل فون سے نکلنے والی شعاؤں اور ارتعاش سے مردوں کی تولیدی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔ موبائل کے ان مضر اثرات کے نتیجے میں مردوں کے مادہ منویہ کے جرثومے تباہ ہوسکتے ہیں.. جس کی وجہ سے ان کی افزائش نسل رک سکتی ہے اور اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت کم ہوسکتی ہے۔
حیفا شہر میں اسرائیلی " ٹیکنیئن یونی ورسٹی" کی جانب سے کی جانے والی طبی تحقیق .. جس کو برطانوی اخبار "ڈیلی ٹیلی گراف" نے شائع کیا ہے... اس کے مطابق موبائل فون میں پوشیدہ شعاؤں سے مرد کے جسم میں تولیدی جرثومے (اسپرم) "پک" سکتے ہیں .. اس صورت میں جب کہ موبائل فون کو جسم سے بہت قریب کر کے رکھا گیا ہو۔
تحقیق میں مردوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے موبائل فون جسم کے نچلے حصے کے بجائے جسم کے اوپری حصوں کی جیبوں میں رکھیں یہاں تک وہ تولیدی جرثوموں سے نسبتا دور رہیں تاکہ ان جرثوموں کو موبائل سے خارج ہونے والی تابکار شعاؤں سے محفوظ رکھا جاسکے۔
تحقیق میں یہ بات واضح طور پر سامنے آئی ہے کہ موبائل فون کے زیادہ استعمال اور مردوں میں تولیدی صلاحیت اور افزائش نسل میں کمی کی شرح کے درمیان گہرا تعلق پایا جاتا ہے۔ جس کے بعد سائنسی حلقوں میں موبائل فون سے نکلنے والی شعاؤں کے انسانی جسم پر ممکنہ مضر ترین اثرات کے بارے میں وسیع اور طویل بحث کا دروازہ کھل گیا ہے۔
اس دوران برطانوی اخبار "ڈیلی ٹیلی گراف" کے مطابق برطانوی "ایکسٹر" یونی ورسٹی کی محققہ ڈاکٹر فيونا میتھیوز کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسرائیلی یونی ورسٹی کی جانب سے کی جانےوالی نئی تحقیق میں یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ موبائل فون کی لہروں سے تولیدی جرثوموں (اسپرم) کو نقصان پہنچ سکتا ہے.. تاہم ابھی تک اس بات کی کوئی ٹھوس دلیل نہیں پائی جاتی کہ موبائل فون، اس کا کثرت سے استعمال یا اس سے نکلنے والی لہریں مردوں میں بانجھ پن پیدا کرسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ موبائل فون کے انسانی جسم پر اثرات نے دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر بحث و جدل کا دروازہ کھول رکھا ہے۔ اس مسئلے نے بہت سے سائنس دانوں اور محققین کو بہت کچھ تحریر کرنے میں مصروف رکھا ہوا ہے۔ ابھی تک ہونے والی اکثر تحقیقوں کی بات کی جائے تو ان میں موبائل فون سے نکلنے والی لہروں اور شعاؤں کے خاص طور پر بچوں پر اثرات کے انکشاف کی کوشش کی گئی ہے.. جب کہ بعض تحقیقوں میں موبائل فون کے بچوں، کم سن افراد اور نوجوانوں پر نفسیاتی اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اسی بارے میں
-
غسل خانے میں موبائل فون کا استعمال کتنا خطرناک ہے؟ -
دورانِ سفر سعودی خواتین کی مددگار موبائل فون ایپلی کیشن -
مصری علامہ نے موبائل فون پر خاتون کا ’جن‘ نکال دیا! -
روس :مسلمانوں کے لیے خاص موبائل فون تیار -
موبائل فون کال پر چمک اٹھنے والے اسمارٹ ناخن تیار! -
سعودی عرب میں ٹیکسی کا حصول بذریعہ موبائل فون اپیلی کیش ممکن