لفتھانزا ایئر لائن کا ایک ایئربس اے 320-214 مسافر طیارہ تین مئی 2024 کو ملاگا، سپین میں ملاگا-کوسٹا ڈیل سول ایئرپورٹ سے پرواز کر رہا ہے۔ (رائٹرز)

لفتھانزا کی شرقِ اوسط کے لیے پروازوں کی معطلی میں توسیع

حالیہ مہینوں میں کئی بین الاقوامی ایئرلائنز شرقِ اوسط کے لیے پروازیں معطل کر چکی ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جرمن ایئرلائن لفتھانزا گروپ نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ تل ابیب، تہران اور بیروت کے لیے پروازوں کی معطلی میں توسیع کر رہا ہے کیونکہ اس ہفتے لبنان میں ہونے والے مہلک پیجر دھماکوں کے بعد علاقائی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

لفتھانزا نے "موجودہ صورتِ حال" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "تل ابیب اور تہران کے لیے پروازیں 24 ستمبر تک منسوخ کر دی جائیں گی۔"

اس نے مزید کہا کہ بیروت کے لیے پروازیں 26 اکتوبر تک معطل رہیں گی۔

لفتھانزا نے کہا، "ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے۔" گروپ نے مزید کہا، وہ "آئندہ دنوں میں" صورتِ حال کا دوبارہ جائزہ لے گا۔

متأثرہ مسافر دوبارہ بلامعاوضہ بکنگ یا رقم کی واپسی کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس ہفتے لبنان کے طول و عرض میں ایرانی حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے زیرِ استعمال سینکڑوں پیجرز اور واکی ٹاکیز غیر معمولی حملوں میں پھٹ گئے جس میں 37 افراد ہلاک اور 2,900 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

لفتھانزا گروپ جس کی مسافر بردار اور مال بردار ایئرلائنز میں سوِس، آسٹرین ایئرلائنز اور برسلز ایئرلائنز بھی شامل ہیں، نے حالیہ مہینوں میں دیگر ایئر لائنز کی طرح شرقِ اوسط میں انتہائی کشیدگی کی وجہ سے اپنی پروازوں کے اوقات میں بار بار تبدیلی کی ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں

اسی بارے میں