ٹرمپ اور پیوتن کی ملاقات سعودی عرب یا متحدہ عرب امارات میں ہو سکتی ہے : روسی ذرائع
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ روس کے صدر ولادیمیر پیوتن کی ملاقات کے حوالے سے ممکنہ جائے ملاقات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
20 جنوری سے امریکی صدارت پر ایک بار پھر فائز ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد روسی صدر سے ملیں گے۔ علاوہ ازیں ڈونلڈ ٹرمپ روس اور یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے لیے بھی اپنی کوششوں کا اعلان کر چکے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پیوتن نے ٹرمپ کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی تھی اور کہا تھا کہ وہ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ تاکہ یوکرین اور توانائی کے امور پر باہم تبادلہ خیال کریں۔
البتہ روس کے حکام اس امر کی تردید کرتے ہیں کہ دونوں کے درمیان کوئی براہ راست رابطہ ہوا ہے یا فون پر رابطہ ہونے کے لیے دونوں طرف سے کوئی کوشش کی جا رہی ہے۔
روس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات امکانی طور پر روس اور امریکہ سے ہٹ کر کسی اور ملک میں ہونے کا امکان زیادہ ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ایسے ملک ہو سکتے ہیں جہاں دونوں بڑے رہنما آپس میں ملیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ امکانی ملاقات کسی وقت اسی سال میں متوقع ہوگی۔ تاہم ابھی واضح نہیں ہے کہ یہ رواں سال کے دوران کب ممکن ہوتی ہے۔