پوپ لیو چہاردہم 21 مئی 2025 کو ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز سکوائر میں عام سامعین سے اولین خطاب کر رہے ہیں۔ (رائٹرز)
اسرائیل-ایران فضائی حملے: پوپ لیو کی 'استدلال' کی اپیل، مذاکرات کا مطالبہ
تمام ممالک کے لیے سلامتی اور وقار کی خواہش کا اظہار
پوپ لیو نے ہفتے کے روز حالیہ فضائی حملوں کے بعد ایران اور اسرائیل کے حکام سے "استدلال" سے کام لینے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کی اپیل کی۔
انہوں نے سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں سامعین کو بتایا کہ وہ صورتِ حال کی پیروی کرتے ہوئے "بہت زیادہ تشویش" میں مبتلا ہیں۔
پوپ نے کہا، "ایسے نازک وقت میں مَیں ذمہ داری اور استدلال کی دوبارہ اپیل کرنا چاہتا ہوں۔"
انہوں نے کہا، "جوہری خطرے سے پاک ایک محفوظ دنیا کی تعمیر کے عہد کو باعزت اور مخلصانہ مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھایا جائے تاکہ انصاف، اخوّت اور مشترکہ بھلائی کی بنیاد پر پائیدار امن قائم ہو۔"
پوپ لیو نے کہا، "کسی کو بھی کسی دوسرے کے وجود کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔ یہ تمام ممالک کا فرض ہے کہ وہ امن کے مقصد کی حمایت کریں اور مفاہمت کی راہیں تلاش کریں اور ایسے حل کو فروغ دیں جو سب کے لیے سلامتی اور وقار کی ضمانت ہوں۔"