متحدہ عرب امارات کی اسرائیلی حملے کی مذمت، مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستے پر زور
عبداللہ بن زاید کا ایرانی ہم منصب عباس عراقجی سے رابطہ، خطے کی صو رت حال پر تبادلہ خیال
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ہفتے کے روز اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقجی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران انہوں نے اس اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ سفارت کاری، بات چیت، اقوام کی خودمختاری کا احترام اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور ضابطوں کی پاسداری ہی تمام بحرانوں کا بنیادی اور پائیدار حل ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات سے بچنے کے لیے تمام فریقین کو زیادہ سے زیادہ تحمل اور برداشت سے کام لینا چاہیے، اور کشیدگی کو پھیلنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔