ارجینٹینا : ایران کی طرف سے آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی کو دھمکیاں قابل مذمت ہیں
ارجینٹینا نے اقوام متحدہ کے جوہری واچ ڈاگ ادارے کے سربراہ رافیل گروسی کو ایران سے ملنے والی دھمکیوں اور انہیں ایرانی جوہری تنصیبات کے معائنے سے منع کرنے کی مذمت کی ہے۔
ایران کی طرف سے رافیل گروسی پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں بد دیانتی کرتے ہوئے ایرانی اعتماد کو مجروح کیا ہے۔ خاص طور پر ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکہ و اسرائیل کی بمباری کی مذمت نہ کر کے گروسی نے جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے۔
یاد رہے ایرانی پارلیمان نے 12 روزہ جنگ کے بعد ایک منظور کردہ قرارداد میں بین الاقوامی جوہری واچ ڈاگ کے سربراہ کو ایران آنے کی اجازت دینے سے روکا ہے۔
ارجینٹینا کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز گروسی کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور دوٹوک انداز میں ان کے کیے ایرانی دھمکیوں کی مذمت کی۔
رافیل گروسی ارجینٹینا کے شہری ہیں۔ اس لیے ارجینٹینا نے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
ارجینٹینا کی وزارت خارجہ نے ایران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جوہری ادارے 'آئی اے ای اے' کے سربراہ اور ان کی ٹیم کی ہر طرح سے حفاظت کی گارنٹی دے اور ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہے جو انہیں خطرے میں ڈالنے والا ہو۔
ارجینٹینا کی وزارت خارجہ نے اپنا یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اتوار کے روز پوسٹ کیا ہے۔ تاہم اس بیان میں ایران کی طرف سے گروسی کو دی گئی دھمکی کا متعین ذکر نہیں ہے کہ ایران کی طرف سے کیا دھمکی دی گئی۔
جمعہ کے روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا تھا کہ رافیل گروسی بمباری کا نشانہ بننے والی ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ کرنا چاہتے ہیں۔
امریکہ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر بمباری کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایرانی جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ تاہم ایران کا جوابی دعوی ہے کہ وہ جوہری تنصیبات پر امریکی بمباری سے پہلے ہی وہاں سے قیمتی و حساس اثاثوں کو نکال کر لے جا چکا تھا۔
ہفتہ کے روز رافیل گروسی نے ' سی بی ایس نیوز' کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کے لیے چند مہینوں میں یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرنا آسان ہے اور کئی جوہری تنصیبات کی تباہی کے باوجود ایران ایسا کرنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔
اتوار ہی کے روز امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایرانی رویے کے بعد 'آئی اے ای اے' سے اظہار یکجہتی کیا اور رافیل گروسی کی تعریف کی کہ وہ اور ان کا ادارہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود پیشہ وارانہ کمٹمنٹ کا واضح اظہار کر رہا ہے۔