نینسی پیلوسی اور پال پیلوسی 15 مارچ 2026 کو بیورلی ہلز، کیلیفورنیا میں 98 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے بعد وینٹی فیئر آسکر پارٹی میں موجود ہیں۔ (فائل فوٹو: رائٹرز)
نینسی پیلوسی کے شوہر پال پر کیلیفورنیا میں گاڑی مار کر بھاگ جانے کا الزام
امریکہ کی سابق ہاؤس سپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پال پیلوسی پر جمعہ کو ایک کھڑی گاڑی کو ٹکر مارنے پر ہلکی نوعیت کے جرم کا الزام عائد کیا گیا۔
ناپا کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا، 86 سالہ پیلوسی تین جولائی کو یونٹ وِل، کیلیفورنیا کے ایک قصبے میں اپنی براؤن کنورٹیبل گاڑی چلا رہے تھے جب انہوں نے سڑک کنارے قانونی طور پر کھڑی کار کو ٹکر مار دی۔
وہ کچھ دیر رکے اور پھر مبینہ طور پر وہاں سے چلے گئے۔ کھڑی ہوئی گاڑی خالی تھی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بیان کے مطابق پیلوسی کے جسم میں شراب کی موجودگی کے آثار نہیں تھے۔
جن ڈرائیوروں کے ہاتھوں حادثات کے نتیجے میں املاک کو نقصان پہنچا ہو، ریاستی قانون کے مطابق ان کے لیے رکنا اور اپنی گاڑی اور لائسنس کی معلومات فراہم کرنا ضروری ہوتا ہے۔ پیلوسی پر اسی قانون کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
ناپا کاؤنٹی کے استغاثہ نے جمعہ کو بتایا کہ اس کے علاوہ پیلوسی پر غیر قانونی موڑ کاٹنے کی خلاف ورزی کا بھی الزام ہے۔
پال پیلوسی کے کسی وکیل کا نام عدالتی ریکارڈ میں درج نہیں تھا۔ نینسی پیلوسی کے پریس آفس نے تبصرہ کرنے کی کال کا جواب نہیں دیا۔
پال پیلوسی کی عدالت میں پیشی 14 اگست کو طے شدہ ہے۔
پیلوسی نے 2022 میں ناپا کاؤنٹی میں شراب کے زیرِ اثر گاڑی چلانے کے جرم کا اعتراف کیا اور انہیں پانچ دن جیل اور تین سال پروبیشن کی سزا سنائی گئی تھی۔
جوڑے کے سان فرانسسکو کے گھر میں اسی سال ان پر ہتھوڑے سے شدید حملہ کیا گیا۔