eu europe iran flag
ایرانی شدت پسند تہران میں یورپی یونین کا دفتر کھولنے کے سخت خلاف
یورپی دفتر تہران میں جاسوسی کا اڈا ثابت ہوگا: نقوی حسینی
ایران کے شدت پسند حلقوں نے تہران میں یورپی یونین کا نمائندہ دفتر کھولنے کی کوششوں کی سخت مخالفت کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی خارجہ وقومی سلامتی کمیٹی کے رکن حسین نقوی حسینی نے تہران میں یورپی یونین کا دفتر کھولنے کی اجازت دینے کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران میں یورپی یونین کے دفتر کے قیام کی اجازت دینے سے امریکا کی ایران پر پابندیوں کو غیر موثر نہیں بنایا جا سکتا۔
ایرانی نیوزایجنسی "YJC " سے بات کرتے ہوئے الحسینی نے کہا کہ تہران میں یورپی یونین کو دفتر قائم کرنے کی اجازت دینا ایران کی جاسوسی کی اجازت دینے کے مترادف ہے۔ اس دفتر کے قیام کے بعد ہماری مالیاتی اور اقتصادی معلومات کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
ایرانی شدت پسند رہ نما نے کہا ہمیں یورپی یونین کی طرف سے معاونت کی کوئی ضرورت نہیں۔ یورپی ملکوں نے ہماری کوئی مدد نہیں کرنی۔ وہ صرف ہماری جاسوسی کرنا چاہتے ہیں۔
نقوی الحسینی کا مزید کہنا تھا کہ پوری ایرانی قوم کو تہران میں یورپی یونین کے دفتر کے قیام کی کوششوں پر تشویش ہے۔ یورپ ہمارے اندرونی امور میں مداخلت کے لیے راہ تلاش کررہا ہے۔ یہی مرکز کل کو ہمارے خلاف عالمی اداروں میں رپورٹیں پیش کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ یورپی یونین کے نمائندہ دفتر کے بعد تہران آنے والا کوئی بھی یورپی سفیر یا وزیر ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے گا۔