مصری فوج مشق کرتے ہوئے۔ [فائل فوٹو]
مصری فوج نے عسکری وردیوں سے ملتے جلتے کپڑوں کی تیاری اور درآمد سے خبردار کر دیا
مصر میں فوج نے کپڑے تیار کرنے والی کمپنیوں اور کارخانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے کپڑے اور تیار ملبوسات بنانے یا درآمد کرنے سے گریز کریں جو مصری فوج یا پولیس کی وردیوں سے ملتے جلتے ہوں۔
مصری فوج کے ترجمان کرنل تامر الرفاعی کے مطابق مسلح افواج کی جنرل کمان کی جانب سے جاری اس تنبیہہ کا مقصد قومی سلامتی کا تحفظ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کے ذریعے دہشت گردوں کو مذکورہ نوعیت کے عسکری لباس کے استعمال سے روکنے میں مدد ملے گی۔
مصری فوج نے شہریوں اور ذرائع ابلاغ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی بھی خلاف ورزی کی فوری اطلاع پہنچائیں۔ مسلح افواج نے وزارت داخلہ اور دیگر تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں کے تعاون سے بندرگاہوں اور تمام سرحدی گزر گاہوں پر اقدامات کو سخت کر دیے ہیں تا کہ فوج یا پولیس کی وردیوں سے ملتے جلتے کپڑوں یا تیار ملبوسات کو ملک کے اندر آنے سے روکا جا سکے۔