مصر: مرسی کے دورکا وزیر انصاف گرفتار
احمد سلیمان پر اخوان قیادت کی گرفتاری کی مذمت کا الزام
مصر کے سیکیورٹی اور عدالتی ذرائع کے مطابق معزول صدر محمد مرسی کے دور حکومت میں وزیر انصاف رہنے والے ایک سرکردہ سیاست دان احمد سلیمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ احمد سلیمان پر کالعدم اخوان المسلمون کے ساتھ تعلق کےالزام میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مصر کی نیشنل سیکیورٹی کے سینیر عہدیداروں نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے زیرانتظام اسٹیٹ سیکیورٹی نے احمد سلیمان کو المنیا گورنری میں ان کے گھر سے منگل کے روز حراست میں لیا۔ اس کے بعد انہیں قاہرہ منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ احمد سلیمان کی گرفتاری سے قبل کئی روز تک ان کی نقل وحرکت پر نظر رکھی گئی تھی۔
ادھر مصر کے ایک عدالتی ذریعے کا کہنا ہے کہ احمد سلیمان کو تفتیش کے لیے بدھ کے روز قاہرہ منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ بیانات میں محمد مرسی کی سنہ 2013ء میں فوج کے ہاتھوں معزولی اور اخوان المسلمون کی قیادت کی گرفتاریوں پر تنقید کی تھی۔