تمام بین الاقوامی راہداریوں پرحجاج کی واپسی کےلیے تیاریاں مکمل ہیں:پاسپورٹ ڈاریکٹوریٹ
سعودی عرب کے جنرل پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے رواں سال حج سیزن کے لیے ضیوف الرحمان کی فریضہ حج کے بعد ان کے ملکوں کو واپسی کے لیے تمام زمینی، فضائی اور سمندری راہ داریوں پر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
پاسپورٹ ڈاریکٹوریٹ نے حج سیزن کے لیے اپنے آخری اور اختتامی مرحلے کے نفاذ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت حجاج کرام کی بہ حفاظت ان کے ممالک کو واپسی کے لیے انتظامات شامل ہیں۔ دیگر شعبوں کی طرح پاسپورٹ ڈاریکٹوریٹ نے بھی حجاج کی واپسی کو آسان اور تیز رفتار بنانے کےلیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا ہے۔
"روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد"
سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے تحت چھ سال قبل مملکت نے ’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘ شروع کیا تھا جس کا مقصد عازمین کے حج سے متعلق امور ممالک میں انجام دہی کے ساتھ ان کی وطن واپسی تک ان کی آمد ورفت کو مربوط بنانا ہے۔ اب تک اس پرجیکٹ میں مراکش، انڈونیشیا ، ملائیشیا ، پاکستان ، بنگلہ دیش ، ترکیہ اور کوٹ ڈی آئیوائرکے حجاج کرام کے لیے 11 ہال مختص کیے گئے ہیں۔
"روڈ ٹو مکہ" اقدام کا مقصد ان ممالک سے ضیوف الرحمان کو اعلی معیار کی نقل و حمل کی خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت ان ممالک کے حجاج کرام کو ان کے ملک کے اندر ہی ’ای حج ویزہ‘ فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کے حج سے متعلق تمام ضروری کوائف ادھر ہی مکمل کیے جاتے ہیں۔ ان کی صحت کی جانچ کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔ انہیں سعودی عرب آمد کے بعد ہوائی اڈوں سے براہ راست مدینہ منورہ یا مکہ مکرمہ میں ان کی قیام گاہوں تک منتقل کیا جاتا ہے۔