امریکی فوج کا 24 گھنٹوں میں حوثی باغیوں کے 9 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن میں حوثی باغیوں کے آٹھ اور خلیج عدن میں ایک ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا کہ اس واقعے میں امریکی بحری جہازوں، اتحادی جہازوں یا تجارتی جہازوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
مقامی میڈیا کے مطابق امریکی-برطانوی افواج نے یمن کے جزیرے حدیدہ اور کامران میں حوثی گروپ پر حملے کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوموار کو امریکی اور برطانوی افواج نے حدیدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کم از کم چھ فضائی حملے کیے۔ بحیرہ احمر کے قریب یمن میں صلیف کی بندرگاہ کے قریب جزیرہ کامران پر چار حملے کیے گئے۔
امریکی فوج نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اعلان کیا کہ اس نے یمن میں حوثی باغیوں کے سات ریڈار، ایک ڈرون اور دو بغیر پائلٹ کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے۔
یہ کارروائیاں بحیرہ احمر میں ایک یونانی بحری جہاز پر حوثی باغیوں کے حملے کے چند دن بعد سامنے آئی ہیں۔ اس حملے کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا تھا اور وہ سمندر میں ڈوب گیا تھا۔