Palestinian artists paint a mural in honour of slain veteran Al-Jazeera journalist Shireen Abu Akleh in Gaza City on May 12, 2022. Abu Akleh, who was shot dead on May 11, 2022 while covering a raid in the Israeli-occupied West Bank, was among Arab media's most prominent figures and widely hailed for her bravery and professionalism. (AFP)
صحافیوں کی اموات؛ میڈیا، حقوق تنظیموں کا یورپی یونین سے اسرائیل پر پابندیوں کا مطالبہ
اسرائیل پر غزہ میں "صحافیوں کے قتلِ عام" کا الزام لگاتے ہوئے میڈیا اور حقوق کی تقریباً 60 تنظیموں نے پیر کو یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعاون کا معاہدہ معطل اور اس پر پابندیاں عائد کرے۔
میڈیا گروپوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا، "حماس کے ساتھ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حکام کی جانب سے صحافیوں کا غیر معمولی تعداد میں قتل اور صحافتی آزادی کی دیگر خلاف ورزیوں کے جواب میں رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) اور 59 دیگر تنظیمیں یورپی یونین سے مطالبہ کرتی ہیں کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعاون کا معاہدہ معطل کرے اور ذمہ داروں پر ہدفی پابندیاں عائد کرے۔"
یہ مطالبہ 29 اگست کو برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل سامنے آیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سات اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کا تباہ کن حملہ صحافیوں کے لیے کئی عشروں میں مہلک ترین رہا ہے۔
"سات اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی مسلح افواج کے ہاتھوں 130 سے زائد فلسطینی صحافی اور میڈیا کے پیشہ ور افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے کم از کم 30 اپنے کام کے دوران مارے گئے اور اسی عرصے میں تین لبنانی صحافی اور ایک اسرائیلی صحافی بھی (ہلاک ہوئے)۔
خط میں مزید کہا گیا، "خواہ دانستہ ہو یا لاپرواہی سے، صحافیوں کا ہدفی یا اندھا دھند قتل ایک جنگی جرم ہے۔"
غیر رکن ممالک کے ساتھ یورپی یونین کے معاہدے وہ ہیں جو تجارت سمیت باہمی تعلقات کو کنٹرول کرتے ہیں۔
آر ایس ایف کے برسلز آفس کی سربراہ جولی میجرزاک نے کہا، "معاہدے کی شق دو "انسانی حقوق اور جمہوری اصولوں کے احترام" کا تقاضہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا، "اسرائیلی حکومت واضح طور پر اس شق کو پامال کر رہی ہے۔ اسرائیل کی اہم تجارتی شراکت دار یورپی یونین اس سے ضروری نتائج اخذ کرے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے کہ (وزیرِ اعظم بنجمن) نیتن یاہو حکومت صحافیوں کا قتلِ عام بند کرے اور غزہ تک میڈیا کی رسائی کی اجازت دیتے ہوئے معلومات اور پریس کی آزادی کے حق کا احترام کرے۔"
دستخط کنندگان میں صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی (سی پی جے) اور ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) شامل تھے۔