حج کے دوران سیکورٹی اہل کار
"العربیہ ڈاٹ نیٹ" نے حجاج کی منظم نقل و حرکت کے منصوبے پر عمل درآمد کا مشاہدہ کیا
سعودی عرب کے مختلف عسکری شعبوں سے تعلق رکھنے والے سیکیورٹی اہل کار اس سال بھی حج کے موقع پر اللہ کے مہمانان کی خدمت میں مصروف ہیں۔ وہ مسجد حرام اور مقدس مقامات پر اپنی موجودگی کے دوران امن و سلامتی کو یقینی بنانے، حجاج کرام کی رہنمائی، ان کی نقل و حرکت کو آسان بنانے، اور ہمہ وقت ان کی ضروریات پوری کرنے جیسے اہم فرائض انجام دے رہے ہیں۔ مزید یہ کہ مقدس مقامات کے درمیان آمد و رفت کے عمل کو منظم انداز میں سر انجام دے رہے ہیں۔ ان کی یہ خدمات انسانی ہمدردی کا اعلیٰ نمونہ پیش کر رہی ہیں۔
شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود یہ سیکیورٹی اہل کار پوری دنیا کو عملی پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اللہ کے مہمانان کی خدمت کے لیے موجود ہیں، اور ان کی سلامتی و سکون کے لیے ہمہ وقت مستعد ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے اس سال حج کے مشن میں شریک سیکیورٹی اور عسکری قیادت سے ملاقات کے دوران اس امر پر زور دیا کہ سعودی قیادت حجاج کرام کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ حج کا سیزن مملکت کی قیادت کے نزدیک غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جس کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے گئے ہیں تاکہ متعلقہ ادارے اپنا فریضہ بخوبی ادا کر سکیں اور ہر مرحلے پر حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر داخلہ نے سیکیورٹی، عسکری اور خدمتی اداروں کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں، جس کا مظاہرہ حجاج کے مشاعر مقدسہ میں بروقت اور محفوظ انداز میں پہنچنے، یوم الترویہ ادا کرنے اور عرفات کی جانب روانگی میں ہوا۔ انھوں نے متعلقہ اداروں کو حجاج کرام کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی کی، اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے حجاج کے شعور و تعاون کو بھی سراہا جو خدمت کے لیے بنائی گئی حکومتی منصوبہ بندی کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔