سعودی عرب کی وزارت دفاع نے مشترکہ افواج کی قیادت کے تحت ایک عظیم اور باوقار اقدام کرتے ہوئے "عاصفۃ الحزم" اور "اعادۃ الأمل" آپریشنز میں حصہ لینے والے سعودی، یمنی اور اتحادی ممالک کے شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ کو منیٰ سے عرفات تک خصوصی انداز میں روانہ کیا۔
اس اہم موقع پر وزارت دفاع نے ہر ممکن سہولت اور خدمت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ذرائع آمد و رفت فراہم کیے ساتھ ہی مکمل طبی نگرانی، سکیورٹی انتظامات اور جامع لاجسٹک خدمات مہیا کی گئیں تاکہ یہ معزز مہمانانِ حرم اپنے مناسک حج نہایت آسانی، سکون اور احترام کے ساتھ ادا کر سکیں۔
یہ اقدام سعودی قیادت کی جانب سے شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ کی عظیم قربانیوں کے اعتراف ان کے بلند مقام کے احترام اور ان کے اہلِ خانہ کی دلجوئی کے طور پر سامنے آیا ہے۔ یہ نہ صرف حج کی روحانی عظمت کو دو چند کرتا ہے بلکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب اپنے ان ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتا جنہوں نے علاقے کے امن و استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔