سعودی آرامکو دنیا کی طاقتور ترین انرجی کمپنی کے طور پر اپنا مقام کیسے برقرار رکھے ہوئے ہے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عالمی توانائی کی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ کے باوجود سعودی عرب کی آرامکو کمپنی دُنیا کی سب سے طاقتور انرجی کمپنی کے طور پر اپنی پوزیشن کو مسلسل مستحکم کر رہی ہے۔ کمپنی کی اس کامیابی کی بنیاد بھاری منافع، مضبوط نقدی بہاؤ (کیش فلو) اور توانائی و ٹیکنالوجی میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے امتزاج پر رکھی گئی ہے۔

سنہ 2025ء کے نتائج کمپنی کے ایک ایسے بزنس ماڈل کو ظاہر کرتے ہیں جو تیل کی قیمتوں میں تبدیلی کے باوجود بڑا منافع کمانے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آرامکو عالمی توانائی کی مارکیٹ کا سب سے اہم ستون بن چکی ہے۔

بڑے پیمانے پر مالیاتی طاقت

کمپنی کے نتائج اس کی مالیاتی پوزیشن کی مضبوطی کی عکاسی کرتے ہیں، کیونکہ سنہ 2025 ءکے دوران ایڈجسٹڈ نیٹ انکم تقریباً 392.5 ارب ریال رہی، جبکہ آپریٹنگ سرگرمیوں سے حاصل ہونے والا نقد بہاؤ 510 ارب ریال سے تجاوز کر گیا۔

یہ اعداد و شمار کمپنی کو بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی فنڈنگ اور ساتھ ہی شیئر ہولڈرز کو بھاری منافع تقسیم کرنے کی غیر معمولی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔ سنہ 2025 ءکے دوران منافع کی تقسیم 320 ارب ریال سے زیادہ رہی۔ اس کے علاوہ قرضوں کی شرح کو 3.8 فیصد تک محدود رکھنے سے کمپنی کو دیگر عالمی انرجی کمپنیوں کے مقابلے میں زیادہ مالی لچک ملی ہے۔

غلبہ برقرار رکھنے کے لیے سرمایہ کاری

آرامکو اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ سنہ 2025ء میں سرمایہ کاری کا حجم تقریباً 195.9 ارب ریال رہا اور توقع ہے کہ آنے والے برسوں میں بھی سرمایہ کاری کی یہ بلند سطح برقرار رہے گی۔

ان سرمایہ کاریوں کا مرکز تیل اور گیس کے بڑے فیلڈز کی ترقی ہے، جیسے المرجان اور البری فیلڈز میں پیداواری توسیع اور گیس کے بڑے منصوبے۔ اس تناظر میں الجافورہ فیلڈ کی ترقی نمایاں ہے، جو دنیا میں غیر روایتی گیس کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے اور سنہ 2030 تک گیس کی پیداوار میں 80 فیصد اضافے کے کمپنی کے منصوبے کا کلیدی حصہ ہے۔

تیل کے علاوہ دیگر سرگرمیوں میں تنوع

آرامکو کی حکمت عملی اب صرف تیل تک محدود نہیں رہی بلکہ کمپنی ٹیکنالوجی اور جدید توانائی کے شعبوں میں بھی تیزی سے توسیع کر رہی ہے۔ اس فریم ورک کے تحت کمپنی 'ہیوماین' نامی ادارے میں موثر حصص حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

سنہ 2025 ءکے دوران مصنوعی ذہانت کے حل اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے تقریباً 19.9 ارب ریال کی اضافی قدر (ویلیو ایڈڈ) پیدا کی، جو کمپنی کے ٹیکنالوجی اور جدت پر مبنی توانائی کے نظام کی تعمیر کے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔

مقامی سپلائی چین کی مضبوطی

عالمی توسیع کے ساتھ ساتھ آرامکو 'اكتفاء' پروگرام کے ذریعے مقامی صنعت کو بھی مضبوط کر رہی ہے، جس کا مقصد توانائی سے وابستہ صنعتوں کو مقامی بنانا ہے۔ کمپنی کی خریداریوں میں مقامی صنعت کا حصہ 70 فیصد تک پہنچ چکا ہے جسے سنہ 2030ء تک 75 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے، جس سے سپلائی چین کی لچک بڑھتی ہے اور مملکت کے اندر نئے معاشی مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

عالمی برتری کا فارمولا

تجزیہ کار آرامکو کی مسلسل برتری کو تین اہم ستونوں سے منسوب کرتے ہیں، بھاری منافع کمانے اور مضبوط نقد بہاؤ پیدا کرنے کی منفرد صلاحیت، توانائی کی پیداواری توسیع میں مسلسل سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی و جدت کی طرف بڑھتا ہوا رجحان۔ یہ فارمولا آرامکو کو نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی انرجی کمپنی کے طور پر برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ اسے عالمی توانائی کے شعبے میں مستقبل کی تبدیلیوں کی قیادت کرنے کے قابل بھی بناتا ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں

اسی بارے میں