ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے اقدامات کا حق محفوظ رکھتے ہیں:سعودی عرب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مملکت اپنی سلامتی، خود مختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے۔ اس موقع پر کابینہ نے سعودی فضائی دفاعی نظام کی اعلیٰ صلاحیتوں کو سراہا، جس نے وطن کے اندر مختلف مقامات اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے میزائلوں اور ڈرونز کو کامیابی سے ناکارہ بنایا۔

سعودی کابینہ نے سعودی عرب، خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور متعدد عرب، اسلامی و دوست ممالک پر ہونے والے ایرانی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سویلین اہداف، ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات پر حملوں کے ذریعے بین الاقوامی قوانین اور چارٹر کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے پر تہران کا اصرار ناقابلِ قبول ہے۔

علاقائی تعاون اور مذمتی بیانات

اجلاس میں سعودی عرب کے اس مسلسل کردار کا جائزہ لیا گیا جو خلیجی اور عرب ممالک کے ساتھ یکجہتی، تعاون اور کوآرڈینیشن پر مبنی ہے تاکہ موجودہ علاقائی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ اس تناظر میں خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کے مشترکہ وزارتی اجلاس اور عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں ایرانی جارحیت کے خلاف منظور کی گئی مذمتی قراردادوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

سنہ 2026 مصنوعی ذہانت کا سال

ایک اہم فیصلے میں سعودی کابینہ نے سنہ 2026 کو "مصنوعی ذہانت کا سال" قرار دینے کی منظوری دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رائل انسٹی ٹیوٹ آف اینتھروپولوجی اینڈ کلچرل اسٹڈیز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

یومِ پرچم اور قومی شناخت

کابینہ نے کل بروز بدھ گیارہ مارچ کو منائے جانے والے "یومِ پرچم" کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن سعودی ریاست کی بنیاد، اتحاد اور تعمیر کی تاریخ میں پرچم کی علامتی اہمیت پر فخر کا اظہار ہے۔ یہ دن مملکت کے پائیدار اصولوں اور قومی شناخت کی عکاسی کرتا ہے۔

خیراتی سرگرمیوں کا فروغ

کابینہ نے ملک میں فلاحی کاموں کے نظام کو مستحکم کرنے اور سخاوت و یکجہتی کی اقدار کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ اس سلسلے میں خیراتی کاموں کے لیے چھٹی قومی مہم کی کامیابی کو سراہا گیا، جو گذشتہ برسوں کی طرح اپنی کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں