شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا غزہ میں معاشی خود مختاری کا منصوبہ شروع
پروجیکٹ میں اہلیانِ غزہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام شامل ہیں
شاہ سلمان ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ سینٹر نے گذشتہ روز وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں شدید ضرورت مند افراد اور خصوصی افراد کے لیے معاشی خود مختاری کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP)، اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (UNFPA)، انسانی امور کو مربوط کرنے والے اقوام متحدہ کے دفتر (OCHA) اور متعدد مقامی و بین الاقوامی اداروں کے نمائندے موجود تھے۔ یہ منصوبہ غزہ میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے جاری سعودی عوامی مہم کا حصہ ہے۔
اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 1000 سے زائد شدید ضرورت مندوں اور خصوصی افراد کو تربیت فراہم کرنے پر محیط ہے۔ شرکاء کو 8 پیشہ ورانہ اور ڈیجیٹل ٹریکس کے تحت تقریباً 130 گھنٹے کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔ تربیت کے اختتام پر مستفید ہونے والوں کو ڈپلومہ سرٹیفکیٹ اور خصوصی پیشہ ورانہ کٹ فراہم کی جائے گی جو انہیں لیبر مارکیٹ میں شمولیت، معاشی مواقع بڑھانے اور آمدنی کے مستقل ذرائع پیدا کرنے میں مدد دے گی۔
غزہ میں شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے پارٹنر، سعودی سینٹر برائے ثقافت و ورثہ کے سربراہ ڈاکٹر عصام ابو خلیل نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے توسط سے جاری انسانی اور ترقیاتی مداخلتوں کے سفر میں ایک نیا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان میں سرمایہ کاری اور اس کی صلاحیتوں کو نکھارنا بحالی اور پائیدار ترقی کے اہم ترین ستونوں میں سے ایک ہے۔
غزہ میں کام کرنے والی بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کی تنظیموں کے نمائندوں نے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے انسانی اور ترقیاتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہنگامی امداد سے نکل کر معاشی خود مختاری کے پروگراموں کی طرف منتقلی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ مستفیدین اپنی مدد آپ کے تحت اپنے حالاتِ زندگی بہتر بنا سکیں۔
موازی طور پر شاہ سلمان ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ سینٹر کے سینٹرل کچن نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں انتہائی ضرورت مند 25 ہزار افراد میں 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے۔ یہ اقدام غزہ میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے جاری سعودی عوامی مہم کا حصہ ہے۔
یہ انسانی اور امدادی کوششیں سعودی عرب کی جانب سے اپنے انسانی بازو شاہ سلمان ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ سینٹر کے ذریعے فلسطینی عوام کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہنے کے مستقل موقف کا عکاس ہیں۔