حملے میں شہید فوجی۔ تصویر آئی ایس پی آر
وزیرستان میں دہشت گرد حملہ، تین پاکستانی فوجی شہید
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 فوجی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ [آئی ایس پی آر] کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے ضلع دیواگر کے علاقے میں پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار تیمور، نائیک شعیب اور سپاہی ثاقب نواز نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے حملے کا موثر جواب دیا گیا اور مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق پاک فوج کی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے، امید ہے افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔