خیبر پختونخوا: وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 25 دہشت گرد ہلاک

خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں فتنہ خوارج کے 11 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے: آئی ایس پی آر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں فتنہ الخوارج، نام نہاد لشکرِ اسلام اور جماعت الاحرار کے خلاف وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور اس کے حامیوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خارجی سرغنہ ابوزر عرف صدام بھی شامل ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن کے دوران فورسز کے چار جوان بھی جان سے گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن کے دوران 25 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، اس دوران فتنہ خوارج کے 11 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشنز کے دوران، چار بہادر سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کو پہنچنے والا بھاری نقصان سیکیورٹی فورسز کے عزم اور دہشت گردی کے خاتمے کے عہد کا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان میں مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آپریشن کے دوران 14 سکیورٹی اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں

اسی بارے میں