.

صحت کا خیال رکھیں، ٹی وی دیکھتے ہوئے کھانا مت کھائیں!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلی ویژن دیکھنے کے ساتھ کھانا کھانے سے انسانی صحت پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس لیے ماہرین سختی کے ساتھ یہ تاکید کرتے ہیں کہ ٹی وی دیکھتے ہوئے کھانا کھانے سے سختی سے گریز کریں۔ خاص طور پر رات کا کھانا کھاتے ہوئے ٹی وی سے دور رہیں۔

امریکی ماہرین نے ’اوپیٹیٹ‘‘ ورک شاپ کے دوران یہ تحقیق مرتب کی۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق ان خاندانوں پر بھی منطبق ہوتی ہے جو کھانا کھاتے ہوئے ٹی وی پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔ اس طرح ان کی توجہ کھانے پر کم اور ٹی وی پر زیادہ ہوتی ہے۔ تحقیقی ٹیم کی سربراہ امانڈا ٹروفھولز نے اپنے ایک ای میل پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کی صحت کے پہلو سے بھی خاندانوں کو کھانا کھاتے ہوئے دیگر غیرضروری مشاغل سے دور رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ والدین کھانے کے موقع سے فائدہ اٹھا کر بچوں کو یہ تعلیم دے سکتے ہیں کہ کھانے کی کتنی مقدار ان کی صحت کے لیے ضروری ہے۔

امریکی محققہ ٹروفھولز کا کہنا ہے کہ جب ایک پورا خاندان ٹیلی ویژن چینل کے سامنے بیٹھ کر کھانا کھاتا ہے تو ان کے درمیان باہمی ربط کے مواقع کم ہوجاتے ہیں۔ کھانے کے دوران ٹی اسکرین پر منہمک ہونے سے کھانے کے صحت پر مثبت اثرات بھی کم ہوجاتے ہیں۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کی ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر کھانا کھانے کا بچوں میں موٹاپے کے بڑھنے کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ ماہرین نے اس حوالے سے 120 خاندانوں کا ڈیٹا جمع کیا جن کے ہاں بچوں کی عمریں 6 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔ اس رپورٹ میں ماہرین یہ جاننا چاہتےتھے آیا کھانا کھاتے ہوئے پورے خاندان ٹی وی دیکھتے ہیں یا نہیں۔

نیز کھانے کے دوران ٹی وی دیکھنے کے صحت پر کس قسم کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ ٹی وی سے دور بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں وہ اپنی توجہ زیادہ تر کھانے پرمرکوز رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس جو لوگ ٹی وی دیکھنے کے ساتھ ساتھ کھانا کھا رہے ہوتے ہیں وہ کھانے پر توجہ نہیں دے پاتے۔ یوں انہیں اس بات کا احساس نہیں ہو پاتا کہ انہوں نے کتنا کھانا کھایا ہے۔