مصری فوج کی سیناء میں کارروائی: 16 دہشت گرد ہلاک، 66 پناہ گاہیں تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

مصری فوج نے شورش زدہ صحرائے سیناء میں دہشت گردوں کے خلاف ہفتے کے روز بھرپور فوجی آپریشن کے دوران 16جنگجووں کو ہلاک اور 34 کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ فوجی کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں سے 66 تباہ کر دیئے گئے ہیں۔

مصری فوج نے"سیناء 2018" آپریشن کا آغاز جمعہ کے روز کیا تھا۔ فوجی کارروائی سے متعلق چوتھے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے 66 مراکز کو ہدف بنا کر کارروائی کی گئی جس میں 16 دہشت گرد فنا کے گھاٹ اتار دیے گئے۔ تباہ کئے جانے والے اہداف کو دہشت گرد محفوظ پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ ان مقامات کو جنگجو مختلف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کے لئے بھی استعمال کرتے تھے۔

فوجی کارروائی میں 11 فور بائی فور وہیلز گاڑیاں، 31 موٹر سائیکل اور فوجی نقل وحرکت کو محدود بنانے کی خاطر نصب کی گئی 12 بارودی سرنگیں بھی ناکارہ بنا دی گیئں۔

فوجی ترجمان نے مزید بتایا کہ ہفتہ کے روز کئے جانے والے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ایک میڈیا سینٹر بھی تباہ کیا گیا۔ میڈیا سینٹر میں وائرلیس مواصلاتی نظام اور جدید کمپیوٹر استعمال کئے جا رہے تھے۔ نیز وہاں سے انتہا پسندی کا پرچار کرنے والا لٹریچر بھی ملا ہے۔

اسی مقام کو دھماکا خیز مواد اور خودکش جیکٹوں کی تیاری کے لئے بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔ مصری فوج نے اپنی کارروائی کے دوران اسلحہ کے تین گودام بھی تباہ کئے جہاں بڑی تعداد میں فوجی وردیاں اور دھماکا خیز مواد سٹور کیا گیا تھا۔

مصری فوج کی الصاعقہ اور چھاتہ بردار فورس کے دستے العریش کے ساحل کو محفوظ بنانے کے لئے علاقے کی چھان پھٹک کر رہے ہیں۔ نیز بارڈر سیکیورٹی فورس اور پولیس قریبی پہاڑی اور صحرائی علاقے کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ دہشت گردوں کو دوسری پناہ گاہوں تک فرار اور مزید کو کلیئر کرائے گئے علاقے میں در اندازی کا موقع نہ مل سکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size