ملکہ برطانیہ کے آنجہانی شوہر شہزادہ فلپ کی آخری رسومات آج ہفتے کے روز ادا کی جا رہی ہیں۔ ان رسومات میں صرف 30 افراد شرکت کریں گے۔ شہزادہ فلپ کی میت کا تابوت وِنڈسر کیسل کے زیر انتظام "سینٹ جارج" چرچ منتقل کیا جائے گا۔ شہزادہ فلپ گذشتہ ہفتے مذکورہ محل (ونڈسر کیسل) میں ہی وفات پا گئے تھے۔ اس طرح وہ اپنی بیوہ ملکہ الزبتھ دوم کے لیے شادی کے 73 سالہ عرصے کی یادیں چھوڑ گئے۔ تاہم دونوں کی شناسائی کا آغاز شادی سے 9 برس پہلے ہوا تھا۔
شہزادہ فلپ کی عمر 16 برس تھی جب وہ اسکاٹ لینڈ میں ایک اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ وہاں سے وہ انگلینڈ کے قصبےDartmouth میں واقع روئل نیول کالج منتقل ہو گئے۔ فلپ 1939ء میں 18 برس کی عمر میں کالج سے فارغ التحصیل ہوئے۔ اس دوران برطانیہ کے بادشاہ جارج ششم نے کالج کا دورہ کیا۔ بادشاہ کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور دونوں بیٹیاں شہزادی الزبتھ اور شہزادی مارگریٹ بھی تھیں۔ شہزادہ فلپ لہ جارج ششم اور ان کے گھرانے سے رشتے داری بھی بنتی ہے۔
اس دورے میں شہزادی الزبتھ یونانی نژاد شہزادہ فلپ سے متعارف ہوئیں اور پہلی ہی نظر میں شہزادے کو دل دے بیٹھیں۔ برطانوی اخبار "ایکسپریس" نے آج دو تصاویر شائع کی ہیں جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ شہزادہ فلپ کی شہزادی الزبتھ سے پہلی ملاقات کی تصاویر ہیں۔ اخبار کے مطابق شہزادہ فلپ نے اس موقع پر برطانیہ کے بادشاہ کے ساتھ "کرکٹ" بھی کھیلی۔ دوسری تصویر میں جارج ششم کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ان کے سامنے ان کی بیٹی الزبتھ کھڑی ہیں۔ بادشاہ کے دائیں جانب "پرنس آف گرییس اینڈ ڈنمارک" کھڑے ہیں۔ یہ اس وقت شہزادہ فلپ کا خطاب ہوتا تھا۔
ان دونوں تصاویر کو کھینچنے والا کیمرہ مین نامعلوم رہا۔ بہرکیف شہزادہ اور شہزادی کے بیچ ہونے والی ملاقاتوں کے سلسلے کا نتیجہ آخر کار 1947ء میں دونوں کی شادی کی صورت میں سامنے آیا۔ شہزادہ فلپ نے 99 برس اور 10 ماہ کی عمر پائی۔ ان کے 4 بیٹے، 8 پوتے نواسے اور ان پوتے نواسوں کے 10 بچے ہیں۔
