.

ماہ صیام کے دوران مسجد نبوی کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات

حرم میں 130 خفیہ کیمرے نصب، 60 خواتین سیکیورٹی اہلکار تعینات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مسجد نبوی کی سیکیورٹی پر مامور انتظامیہ نے رمضان المبارک کے ایام میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے لیے آنے والوں کی حفاظت اورمسجد نبوی کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔

ماہ صیام کے دوران مسجد نبوی کی نگرانی کے لیے مسجد کے صحن، اندرونی ہال، پارکنگ کے مقامات، گیلریوں اور جنت البقیع قبرستان سمیت مختلف مقامات پر130 خفیہ کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین زائرات کی سیکیورٹی کی سہولت اور تحفظ کے لیے 60 خواتین اہلکاروں کو بھی متعین کیا گیا ہے۔

مسجد نبوی کے سیکیورٹی چیف کرنل ڈاکٹرنائف المروانی نے سعودی اخبار"الشرق" کو بتایا "کہ حرم کے کنٹرول روم پر220 اہلکار مامورہیں جن میں سے 70 اہلکار چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر زائرین کی سیکیورٹی اور رش کنٹرول کرنے کے لیے ہمہ وقت حفاظتی انتظامات انجام دے رہے ہیں۔"

ایک سوال کے جواب میں کرنل مروانی کا کہنا تھا کہ "مسجد نبوی کی حفاظت اور زائرین کی دیکھ بحال کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور جدید سہولیات سے آراستہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پرحاضری دینے والوں کو نہ صرف تحفظ فراہم کیا جائے بلکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری ایکشن لیا جاسکے۔"

انہوں نے بتایا کہ مسجد نبوی کے بیرونی احاطے کی نگرانی پرخواتین اہلکاروں کے ساتھ پیدل اور گاڑیوں پر مرد سیکیورٹی اہلکار بھی گشت میں مصروف رہتے ہیں۔ ہجوم میں گم شدگان کی تلاش اورانہیں ان کے ساتھیوں سے ملانے کے لیے ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔