.

مراکش کو انتہائی مطلوب انتہا پسند کمانڈر اسپین میں گرفتار

ملزم پر دہشت گرد گروپوں سے تعلق کا الزام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شمالی افریقی ملک مراکش کو انتہائی مطلوب شدت پسند کو اسپین کی پولیس نے حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہسپانوی وزارت داخلہ کے مطابق پولیس نے ایک اسلامی جہادی دہشت گرد محمد البالی کو ملیلیہ شہرکے قریب ایک خفیہ ٹھکانےسے حراست میں لیا ہے، جس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حراست میں لیا گیا شدت پسند مراکشی حکام کو بھی مطلوب ہے۔ ملزم کے مراکش کے الناظور شہر میں سرگرم "المجاہدین" اور "التوحید" نامی گروپوں سے تعلقات ہیں۔

میڈریڈ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس طویل عرصے سے ملزم محمد البالی کی تلاش میں تھی اور اس کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد فراہم کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔ البالی کی گرفتاری ہسپانوی پولیس کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ "الجہاد گروپ" اور "التوحید" کی سرگرمیوں کے بارے میں گذشتہ مئی میں اس وقت انکشاف ہوا جب مراکش کی پولیس نے ان دونوں گروپوں سے تعلق رکھنے والے 11 شدت پسندوں کو حراست میں لیا تھا۔ حراست میں لیے گئے عسکریت پسندوں نے بتایا کہ محمد البالی بھی ان کا ساتھی ہے۔

ان دنوں محمد البالی کی بیلجیئم میں موجودگی کی اطلاعات تھیں۔ یہ دونوں گروپ افریقی ملکوں میں متشدد نظریات کو عام کرنے، اپنی حکومتوں کے خلاف جہاد اورشدت پسندوں کو بھرتی کرنے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی کاررائیوں میں مالی معاونت بھی کرتے تھے۔