لبنانی القاعدہ کی ایران ،حزب اللہ اور اسرائیل پر حملوں کی دھمکی
ایران پر لبنان کے ریاستی اداروں کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنے کا الزام
لبنان میں القاعدہ سے وابستہ گروپ عبداللہ عزام بریگیڈز نے اپنے قائد ماجد الماجد کے انتقال کے بعد ایران ،حزب اللہ اور اسرائیل کے خلاف حملے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عبداللہ عزام بریگیڈز نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ''ان شاء اللہ ایران ،اس کی جماعت (حزب اللہ) اور جارح یہودیوں (اسرائیل) پر مرحوم( ماجدالماجد) کے مشن کے مطابق حملے جاری رکھے جائیں گے اور دنیا بھر میں مقہور اہل سنت کا دفاع کیا جائے گا''۔
بیان میں لبنان کی ملٹری انٹیلی جنس پر اسلام پسندوں کی پکڑ دھکڑ پر کڑی تنقید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ ایران کی جماعت کے کنٹرول میں ہے۔ایرانی جماعت سے مراد طاقتور شیعہ ملیشیا حزب اللہ ہے۔
اس تنظیم نے بیان میں ایران پر الزام عاید کیا ہے کہ وہ اپنے مفادات اور شام میں اپنے بعثی اتحادیوں کے تحفظ کے لیے لبنان کے تمام ریاستی اداروں کو استعمال کررہا ہے۔
واضح رہے کہ لبنان میں القاعدہ سے وابستہ گروپ عبداللہ عزام بریگیڈز کے سربراہ ماجد الماجد 4 جنوری کو ایک فوجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔وہ اس وقت لبنان کی سکیورٹی فورسز کے زیرحراست تھے اور سخت علیل تھے۔ان کی میت اسی ہفتے واپس سعودی عرب بھیج دی گئی ہے۔
سعودی نژاد ماجد الماجد کو 2012ء میں لبنان میں عبداللہ عزام بریگیڈز کا سربراہ بنایا گیا تھا اور اسی تنظیم نے نومبر 2013ء میں بیروت میں ایرانی سفارت خانے کے باہر دو خودکش بم حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔ان بم دھماکوں میں ایران کے کلچرل اتاشی سمیت پچیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
تنظیم کے ایک رہ نما صالح عبدالله القرعاوی نے ایک بیان میں دھمکی دی تھی کہ جب تک حزب اللہ کے جنگجوؤں کو پڑوسی ملک شام سے واپس نہیں بلا لیا جاتا،اس وقت تک یہ حملے جاری رہیں گے۔حزب اللہ نے شامی صدر بشارالاسد کی حمایت میں لڑنے کے لیے اپنے ہزاروں جنگجو شام بھیجے ہیں۔وہ سنی باغیوں کے خلاف برسرجنگ ہیں۔
یادرہے کہ لبنان کی ایک عدالت نے 2009ء میں ماجد الماجد کو القاعدہ سے متاثر ایک اور سخت گیر گروہ فتح الاسلام سے تعلق کے جرم میں ان کی عدم موجودگی میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔انھوں نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ القاعدہ کے مقتول سربراہ اسامہ بن لادن کے فکری استاد پروفیسر عبداللہ عزام کے نام پر 2009ء میں اپنی جنگجو تنظیم قائم کی تھی اور اس کی لبنان اور جزیرہ نما عرب میں شاخیں بتائی جاتی ہیں۔امریکا نے 2012ء میں عبداللہ عزام بریگیڈز کو ایک دہشت گرد تنظیم قراردے دیا تھا۔