مصر سے صلح کرانے پر قطر، سعودی عرب کا ممنون

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

مصر اور قطر کے درمیان سعودی عرب کی جانب سے صلح کرائے جانے کے بعد دونوں عرب ملکوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خلیجی ریاست قطر کی جانب سے مصر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام میں مدد فراہم کرنے پر سعودی فرمانروا کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ دوحہ مصر کے استحکام، سلامتی اور ترقی میں اس کے شانہ بہ شانہ چلنے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔

دوسری جانب سعودی عرب نے بھی دونوں عرب ملکوں کا باہمی اختلافات بھلا کر ایک ساتھ سفر شروع کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور یہ امید ظاہر کی ہے کہ مفاہمت کے بعد دونوں ملک (مصر ۔ قطر) اختلافات بھلا کر باہمی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں ایک دوسرے کے دست بازو بن جائیں گے۔

گذشتہ روز ریاض میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور قطری مندوب کی ملاقات کے بعد دوحہ حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں مفاہمتی مساعی پر سعودی عرب کی حکومت بالخصوص شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی کوششوں کا خیر مقدم کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی مخلصانہ مساعی سے قاہرہ اور دوحہ باہمی اختلافات بھلانے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے پر متفق ہیں اور اس اہم پیش رفت میں سعودی حکومت کے تعاون کے شکر گذار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ مصر کی سلامتی قطر کی سلامتی اور استحکام سے کم نہیں ہے۔

"دوحہ حکومت مصر کی سلامتی، امن اور خوش حالی و ترقی کے لیے ہرممکن مدد فراہم کرے گا۔ قطری حکومت نے توقع ظاہر کی ہے کہ مصری حکومت بھی جذبہ خیر سگالی کے تحت ایسے اقدامات کرے گی جس سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔"

خیال رہے کہ دونوں عرب ملکوں کے درمیان کشیدگی گذشتہ برس اس وقت پیدا ہوئی تھی جب مصر میں اخوان المسلمون کی منتخب حکومت کے خلاف فوج نے بغاوت کرتے ہوئے اخوان کے صدر محمد مرسی کو برطرف کر کے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں