عادل الجبیر اور جان کیری میں اچانک ملاقات ،داعش مخالف جنگ پر تبادلہ خیال
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے واشنگٹن میں اچانک ملاقات کی ہے اور ان سے سعودی عرب کے تین شہروں میں سوموار کو خودکش بم حملوں کے تناظر میں داعش کے خلاف جنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جان کیری اور عادل الجبیر نے شام میں سیاسی انتقال اقتدار کی ضرورت ،لیبیا کی صورت حال ،یمن میں جاری تنازعے کے سیاسی تصفیے اور اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی حالیہ پیش رفت کے حوالے سے بھی بات چیت کی ہے۔
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے نزدیک سوموار کی شام ایک خودکش بم دھماکے میں سعودی سکیورٹی فورسز کے چار اہلکار شہید ہوئے تھے۔العربیہ نیوز چینل کے نمائندے کی اطلاع کے مطابق خودکش بم دھماکا سٹی کورٹ اور مسجد نبوی کے درمیان واقع ایک پارکنگ ایریا میں نماز مغرب کے وقت ہوا تھا۔اس وقت روزے دار افطاری کی تیاری کررہے تھے۔
نمائندے نے مزید بتایا ہے کہ خودکش بمبار نے سات سکیورٹی اہلکاروں کو ہدف بنایا تھا اور اس نے انھیں یہ چکمہ دینے کی کوشش کی تھی کہ وہ ان کے ساتھ افطار کرنا چاہتا ہے لیکن اس نے ان کے نزدیک خودکو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔