.

یمن: عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں دو حوثی کمانڈر ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے یمن کے شہر حجہ پر فضائی حملوں میں حوثی ملیشیا کے دو سرکردہ کمانڈروں سمیت متعدد جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

ان دونوں کمانڈروں کی شناخت ابو مروان اور ابو ایمن کے نام سے کی گئی ہے اور وہ میدی کے محاذ پر یمنی فوج کے خلاف لڑائی میں حوثی ملیشیا کی قیادت کررہے تھے۔ حجہ شہر میں دو محاذوں پر عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے بمباری کرکے دو ٹی 72 ٹینک ،کاتیوشا راکٹ لانچروں ،میزائلوں اور اسلحہ ،گولہ بارود کے ڈپوؤں کو بھی تباہ کردیا ہے۔

درایں اثناء یمنی فوج کے زیر قیادت فورسز نے صوبے شبوہ کے ضلع بیحان میں چار چوکیوں العلام ،السالم ،العقدہ اور السویدہ پر حوثی ملیشیا کے حملوں کو پسپا کردیا ہے۔

یمنی فوج اور اس کی اتحادی مزاحمتی قوتوں نے حوثی ملیشیا کے مضبوط گڑھ شمالی صوبے صعدہ کی جانب پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے اور انھوں نے سوموار کے روز بریگیڈ 101 کے کمان مرکز اور الثار اور حبش کے پہاڑوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔حوثی ملیشیا نے صعدہ شہر پر قبضہ کررکھا ہے اور یہیں سے اس نے گذشتہ سال اکتوبر میں مقدس شہر مکہ مکرمہ کی جانب میزائل داغا تھا۔