انٹرپول کے علاقائی دفتر کی میزبانی کا اعزاز سعودی عرب کے نام
سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں مملکت کے عالمی سطح پر مقام ومرتبے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کی ایک تازہ مثال انٹرپول کے علاقائی دفتر کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہونے سے لی جا سکتی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے ممالک کی جانب سے رائے شماری کے دوران متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ انٹرپول کا علاقائی دفتر سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں قائم کیا جائے۔ سعودی عرب انٹرپول کی میزبانی کا زیادہ حق دار ہے۔ یہ رائے شماری گذشتہ روز فرانس کے لیون شہر میں قائم انٹرپول کے صدر دفتر میں ہوئی۔
سعودی عرب کو انٹرپول کے علاقائی دفتر کی میزبانی کا اعزاز ملنا مملکت کی عالمی سطح پر خدمات، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں، علاقائی اور عالمی تنازعات کے حل میں سعودی عرب کے مثبت کردار کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔