.

ترکی: ہزاروں افراد کا مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی میں ہفتے کے روز استنبول کی سڑکوں پر ہزاروں شہریوں نے مہنگائی اور افراط زر کی شرح میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔

سخت سکیورٹی اقدامات کے بیچ ہونے والے احتجاج میں مظاہرین کے بعض بینروں میں فرانس میں جاری "زرد صدریوں" کی تحریک کی جانب اشارہ کیا گیا تھا۔

پبلک سیکٹر کے ملازمین کی کنفیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کی جانب سے منعقد کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں میں ترکی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افراد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے "روزگار، روٹی اور آزادی" کے نعرے لگائے۔ انہوں نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر "بحران اُن کے لیے اور سڑکیں ہمارے لیے ہیں" تحریر تھا۔

گزشتہ پیر کے روز جنوب مشرقی شہر دیار بکر میں بھی ہزاروں افراد نے حالیہ عرصے میں سامنے آنے والی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ اس احتجاج کی کال بھی پبلک سیکٹر کے ملازمین کی کنفیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کی جانب سے دی گئی تھی۔

واشنگٹن کے ساتھ سفارتی کشیدگی کے پس منظر میں مقامی کرنسی کی قیمت میں گراوٹ کے سبب گزشتہ چند ماہ کے دوران ترکی میں اقتصادی صورت حال کافی بگڑ گئی ہے جب کہ منڈیوں نے انقرہ کی پالیسیوں کو بھی مسترد کر دیا ہے۔