.

علمی سرقے کے الزام میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری منسوخ ہوئی تو مستعفی ہو جاؤں گی : جرمن وزیر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جرمن چانسلر انجیلا میرکل کی حکومت میں شامل ایک خاتون وزیر Franziska Giffey کا کہنا ہے کہ اگر علمی سرقے کے الزام میں اُن کی پی ایچ ڈی کی ڈگری منسوخ کی گئی تو وہ اپنے منصب سے مستعفی ہو جائیں گی۔

برلن کے ایک مشکل ترین ضلع کی سابقہ میئر فرانسیسکا جب 2017 میں خاندانی امور کی وزیر مقرر کی گئیں تو انہیں جرمن سیاست اور ان کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کا ابھرتا ہوا ستارہ شمار کیا گیا۔ تاہم ان کے خلاف علمی سرقے کے دعوؤں نے برلن کی Free یونیورسٹی کو مجبور کر دیا کہ ان کے ڈاکٹریٹ کے مقالے کا از سر نو جائزہ لیا جائے جو 2010 میں جمع کرایا گیا تھا۔ توقع ہے کہ جائزے کا عمل رواں برس کسی وقت مکمل ہو جائے گا۔

فرانسیسکا کے دفتر نے جمعرات کے روز بتایا کہ جرمن وزیر حالیہ جاری تحقیقات کے سبب اپنی پارٹی کی قیادت کے لیے بطور امیدوار نامزد نہیں ہوں گی۔

انتخابات کے خراب نتائج نے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر بعض لوگوں کو یہ تجویز دینے پر مجبور کر دیا کہ پارٹی کو میرکل کی حکومت سے نکل جانا چاہیے۔