سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفظِ ماتقدم کے طور پر تمام سینما گھروں اور تھیٹروں میں تاحکم ثانی تمام سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔
سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں کعبۃ اللہ کے ارد گرد ایک حصار بنا دیا گیا ہے تاکہ اس کو عبادت گزاروں سے تحفظ مہیا کیا جاسکے۔اس کے علاوہ عمرے کی ادائی پر بھی عارضی پابندی عاید کردی گئی ہے۔
سعودی عرب نے گذشتہ اتوار کو کرونا وائرس سے متاثرہ چودہ ممالک کے ساتھ شہریوں کی آمد ورفت معطل کردی ہے۔ان ممالک میں ترکی،متحدہ عرب امارات ،کویت ، بحرین ، لبنان ، شام ، عراق ، مصر ، اٹلی اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔
اس فیصلے کے تحت ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس کے علاوہ اگرکسی شخص نے گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں ان ممالک کا سفر کیا ہے تو اس کو بھی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سعودی عرب نے ان مذکورہ چودہ ممالک کے ساتھ طیاروں کے علاوہ بحری جہازوں کی آمد ورفت بھی معطل کردی ہے۔