متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی نے تمام مسافروں کے لیے کرونا وائرس کے خون کے ٹیسٹ متعارف کرائے ہیں اوروہ یہ ٹیسٹ متعارف کرانے والی دنیا کی پہلی فضائی کمپنی ہے۔
امارات ائیرلائنز نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ پروازوں میں سوار ہونے والے مسافروں کے ٹیسٹ دبئی کی صحت اتھارٹی کے تعاون سے کیے جارہے ہیں اور ان کے نتائج صرف دس منٹ میں دستیاب ہوجاتے ہیں۔
دبئی سمیت پورے یو اے ای میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کرفیو اور لاک ڈاؤن نافذ ہے، ہوائی اڈے بند ہیں۔ البتہ اسی ہفتے بعض پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔ ان پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے ہوئے اماراتی شہریوں یا مکینوں کو واپس لایا جارہا ہے۔
امارات ائیرلائنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر عادل الرضا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم مستقبل میں ٹیسٹوں کی صلاحیت میں اضافے اور اس کو دوسری پروازوں تک توسیع دینے پر غور کررہے ہیں۔اس سے موقع پر ہی ٹیسٹ کیے جاسکیں گے اور امارات کے مسافروں کو فوری طور پر کووِڈ-19 کے ٹیسٹ سرٹی فکیٹ جاری کردیے جائیں گے اور وہ ان ممالک میں کام آئیں گے جہاں یہ سرٹی فکیٹ دکھانے پر پابندی عاید کی گئی ہے۔‘‘
Emirates becomes the first airline to conduct on-site rapid COVID-19 tests for passengers. The 10-minute tests are conducted by @DHA_Dubai at @DXB Terminal 3 for travellers to countries requiring COVID-19 test certificates. https://t.co/3j6jFFlxzY pic.twitter.com/rgxB09vh1I
— Emirates Airline (@emirates) April 15, 2020
العربیہ انگلش نے منگل کے روز ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ امارات نے دبئی کا سفر کرنے والے مسافروں کو ٹکٹ کی مختلف مراعاتی پیش کشیں شروع کردی ہیں۔
امارات کے ترجمان نے بتایا تھا کہ ’’اس وقت یکم مئی سے ہماری پروازیں بکنگ کے لیے دستیاب ہیں لیکن صورت حال تبدیل ہونے پر پروازوں کی ان خدمات میں بھی تبدیلی ہوسکتی ہے۔جونہی کوئی تبدیلی رونما ہو گی تو ہم اپنے صارفین کو اس بارے میں مطلع کردیں گے۔‘‘
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بین الاقوامی مسافروں پر حکومت کی عاید کردہ پابندیاں کب ختم ہوجائیں گی۔یو اے ای نے عارضی طور پر تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مسافروں پر ہوائی اڈوں پر آمد پر ویزوں کا اجرا بند کردیا ہے اور اپنے شہریوں کے بیرون ملک سفر پر بھی پابندی عاید کررکھی ہے۔