عُمان کے دارالحکومت مسقط میں حکام نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے صنعتی علاقے میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔ اس صنعتی علاقے میں غیرملکی تارکین وطن مقیم ہیں ۔
عُمان کی وزارت صحت اور مسقط کی بلدیہ کے مطابق الوادی الکبیر کے صنعتی علاقے میں لاک ڈاؤن کا سوموار سے آغاز ہوا ہے اور یہ تاحکم ثانی جاری رہے گا۔
عُمان نے اب تک کرونا وائرس کے 2637 کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اس مہلک وائرس کا شکار 12 افراد وفات پا چکے ہیں۔
مسقط شہر میں جاری لاک ڈاؤن میں پہلے ہی 8 مئی تک توسیع کردی گئی ہے ۔اس کے تحت دارالحکومت کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی رمضان میں اجتماعات پر پابندی عاید ہے۔تاہم رمضان کے آغاز سے قبل عُمانی حکومت نے بعض تجارتی سرگرمیوں کی مشروط طور پر اجازت دے دی تھی۔
عُمان کی کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی ذمے دار سپریم کمیٹی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق ان کاروباری سرگرمیوں میں کاروں کی ورکشاپیں، برقی آلات ، کمپیوٹر کی دکانیں، مچھیروں کی کشتیوں کی مرمت اور فاضل پرزہ جات کی دکانیں ،گھریلو آلات اور سیٹلائٹ ٹرانسمیشن کے آلات اور مرمت کی دکانیں اور چھاپا خانے شامل ہیں۔کرنسی کا کاروبار کرنے والی دکانوں کو بھی دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
کمیٹی کے بیان کے مطابق ایک وقت میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول کے تحت صرف دو گاہکوں کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔ نیز تمام کاروباری سرگرمیوں کے دوران میں صحت وصفائی کے اصولوں کی پیروی کی جانی چاہیے۔