سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 3139 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کا شکار 39 مریض وفات پا گئے ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق اب کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 164144 ہوگئی ہے اور اس میں مبتلا 1346 مریض وفات پا چکے ہیں۔
دارالحکومت الریاض میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور حکام نے منگل کو 299 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔جدہ میں 393 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ باقی کیسوں کی مملکت کے مختلف شہروں اور صوبوں میں تشخیص ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 4710 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب کل تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد 109885 ہوگئی ہے۔
#الصحة تعلن عن تسجيل (3139) حالة إصابة جديدة بفيروس #كورونا الجديد (كوفيد19)، وتسجيل (39) حالات وفيات رحمهم الله، وتسجيل (4710) حالة تعافي ليصبح إجمالي عدد الحالات المتعافية (109,885) حالة ولله الحمد. pic.twitter.com/1Jlgs9RI2Y
— و ز ا ر ة ا لـ صـ حـ ة السعودية (@SaudiMOH) June 23, 2020
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے نیوز بریفنگ میں دائمی امراض کا شکار تمام افراد بہ شمول بچوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہر کسی کو حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پابندی کرنی چاہیے،لوگ کرونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور گھر سے باہر ہر وقت ماسک پہن کر رکھیں۔
دریں اثناء سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے آیندہ حج سیزن کے لیے عازمین کی صحت کے تحفظ کے لیے مختلف احتیاطی تدابیر ، پروٹوکول اور اقدامات کا اعلان کیا ہے اور کہاہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ان اقدامات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ان کے مطابق ایک وقت میں 10 ہزار سے زیادہ افراد کو مناسکِ حج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کعبۃ اللہ اور دوسرے مقدس مقامات پر پہنچنے سے قبل تمام عازمین حج کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔اس مرتبہ صرف 65 سال سے کم عمر مسلمانوں کو حج کرنے کی اجازت ہوگی۔تمام عازمین مناسکِ حج کی تکمیل کے بعد خود کو قرنطین کرلیں گے۔نیز تمام ورکروں اور رضا کاروں کے حج کے آغاز سے قبل ٹیسٹ کیے جائیں گے۔