جنوبی افریقا :کووِڈ-19 کے سیاہ فام مریض سفید فاموں سے زیادہ موت کے خطرے سے دوچار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

جنوبی افریقا میں کروناوائرس کا شکار مریضوں کی شرح اموات کے بارے میں ایک نئی رپورٹ سامنے آئی ہے۔اس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک کے اسپتالوں میں زیر علاج کووِڈ-19 کے سیاہ فام یا مخلوط نسل کے مریضوں کی سفید فام مریضوں کے مقابلے میں زیادہ اموات ہورہی ہیں۔

یہ رپورٹ جنوبی افریقا کے قومی ادارہ برائے وبائی امراض نے یہ رپورٹ مرتب کی ہے لیکن اس نے مزید تفصیل جاری نہیں کی ہے۔جنوبی افریقا کی حکومت نے خود بھی کرونا وائرس کے مریضوں کے نسل کی بنیاد پر کوئی مصدقہ اعداد وشمار جاری نہیں کیے ہیں۔

Advertisement

امریکا کی جان ہوپکنز یونیورسٹی کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق جنوبی افریقا میں کرونا وائرس کے اب تک پانچ لاکھ 79 ہزار مریضوں کی تشخیص کی گئی ہے۔ان میں سے 11 ہزار سے زیادہ ہلاک ہوچکے ہیں۔اس طرح وہ دنیا میں کووِڈ-19 سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے اعتبار سے تیرھویں نمبر پر ہے۔

مذکورہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی افریقا میں اسپتالوں میں داخل کیے گئے کرونا وائرس کے مریضوں میں سے 18 فی صد چل بسے ہیں۔ملک میں سرکاری اسپتالوں کی حالت نجی اسپتالوں سے بھی خستہ حال ہے۔

اس رپورٹ میں ملک کے ڈیڑھ سو سے زیادہ نجی اور سرکاری اسپتالوں سے حاصل شدہ ڈیٹا کو شامل کیا گیا ہے۔2011ء کی مردم شماری کے مطابق جنوبی افریقا میں 86 فی صد نفوس سیاہ فام یا مخلوط نسل سے تعلق رکھتے ہیں اور صرف نو فی صد سفید فام ہیں۔

چین سے گذشتہ سال دسمبر میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں 760739 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔دنیا بھر کے 196 ممالک اور علاقوں میں 21242070 سے زیادہ کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ان میں 12988000 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں