.

ڈربن میں واقع براعظم افریقا کی تاریخی مسجد میں خوف ناک آتش زدگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جنوبی افریقا کے جنوب مشرق میں واقع ساحلی شہر ڈربن میں 139 سالہ پرانی گرے اسٹریٹ مسجد میں سوموار کے روز اچانک آگ لگ گئی ہے۔

ڈربن میں ہنگامی خدمات کے ترجمان رابرٹ میکنزی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ خوف ناک آتش زدگی سے مسجد سے ملحقہ تین عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔یہ تاریخی دو منزلہ مسجد ڈربن شہر کے وسط میں کاروباری علاقے میں واقع ہے اور یہ جنوبی افریقا کی بڑی مساجد میں سے ایک ہے۔

ٹویٹر پر اس الم ناک واقعے کی بعض ویڈیوز پوسٹ کی گئی ہیں۔ان میں مسجد کی دوسری منزل سے آگ کے شعلے اور سیاہ دھواں بلند ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔مسجد کی عمارت میں آگ لگنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی تھی۔

ڈربن کے محکمہ فائر بریگیڈ کے عملہ نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مسجد اور اس سے ملحقہ عمارتوں میں لگی ہوئی آگ پر قابو پا لیا ہے۔فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور اس واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔