سعودی عرب نے کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکینِ وطن کے اقاموں کی تجدید ،خروج اور دوبارہ داخلہ کے لیے ویزوں کی میعاد میں خودکار طریقے سے 31 جولائی 2021ء تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے خودکار طریقے سے پہلے ہی ویزوں کی تجدید کا عمل شروع کردیا ہے اور اس کی ویزا حاملین سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
ایس پی اے نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان سمیت صرف 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن کے اقامتی ویزوں میں توسیع کی جائے گی۔سعودی عرب نے کووِڈ-19 کی وباسے متاثرہ ان ممالک کی فہرست کا 2فروری کو اعلان کیا تھا اوران سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مملکت میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔
ان 20 ممالک میں متحدہ عرب امارات ، جرمنی ، امریکا، برطانیہ ، جنوبی افریقہ ، فرانس ، مصر ، لبنان، بھارت ، پاکستان ،ارجنٹینا ، برازیل ، انڈونیشیا،آئرلینڈ ،اٹلی ، جاپان ، پُرتگال ، سویڈن ، سوئس کنفیڈریشن اور ترکی شامل ہیں۔
ان ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے علاوہ ان میں مقیم سعودی عرب جانے کے خواہاں زائرین کے ویزوں کی مدت میں بھی 31 جولائی تک توسیع کردی جائے گی۔
دریں اثناء سعودی عرب نے بدھ کو کووِڈ-19 کے 1274 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں اس مہلک وائرس کا شکار 15 مریض وفات پا گئے ہیں اور 1028 صحت یاب ہوگئے ہیں۔سعودی عرب میں اب تک کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد461242 ہوچکی ہے۔