مسلح دھڑوں کا حماۃ کے مزید علاقوں پر کنٹرول کا اعلان
حلب اور ادلب میں روسی اور شامی فوج کی بمباری میں درجنوں افراد جاں بحق
حلب اور ادلب میں شام اور روس کی مسلسل بمباری کے دوران شام کے مسلح دھڑوں نے حماۃ کے مزید علاقوں پر کنٹرول کا اعلان کردیا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ’’ ھیئہ تحریر الشام‘‘ اور اتحادی دھڑوں نے متعدد ڈرونز کے ذریعے حماہ شہر کے شمال میں جبل زین العابدین کے علاقے میں شامی فوج کے عسکری رہنماؤں کے ایک بڑے اجتماع کو نشانہ بنایا۔ شامی فوج کی صفوں میں ہلاکتوں اور زخمیوں کے بارے میں اطلاعات ہیں تاہم شامی فوج نے اس معاملے کی مکمل تردید کی ہے۔ دوسری جانب شامی روسی طیاروں نے حلب اور ادلب کے علاقوں پر حملے کیے ہیں۔
شام کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ حماۃ اور ادلب کے دیہی علاقوں میں روسی شامی بمباری میں درجنوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ گذشتہ پانچ دنوں میں اچانک حملے کے بعد شامی فوج کے یونٹوں کے انخلاء کے بعد لڑائی میں بڑی شدت دیکھنے میں آئی ۔ ھیئہ تحریر الشام اور دیگر اتحادی دھڑوں نے ادلب اور حماۃ گورنری کے درجنوں قصبوں اور دیہاتوں پر بھی قبضہ کرلیا اور ان علاقوں سے شامی فورسز کو نکال دیا ہے۔ شامی فوج نے جوابی حملے کی تیاری شروع کرنے کا اعلان کیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق لڑائی میں مرنے والوں کی تعداد 445 سے زائد ہو گئی۔
ایران اور روس دونوں نے صورت حال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دمشق کی حمایت کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے خانہ جنگی کے دوران گزشتہ برسوں میں بھی شامی حکومت کی حمایت کی تھی۔ عراق نے بھی اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور کسی بھی حملے کو پسپا کرنے کے لیے اپنی تیاری کی تصدیق کی ہے۔