امریکہ اور اسرائیل نے یمن میں حوثی گروپ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ "العربیہ " کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ 30 سے زائد اسرائیلی طیاروں نے الحدیدہ میں گروپ کے ٹھکانوں پر شدید بمباری میں حصہ لیا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ امریکی طیاروں نے صنعاء میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب ویب سائٹ "ایکسیوس" کے مطابق ایک امریکی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ یمن میں اسرائیلی فضائی حملے واشنگٹن کے ساتھ کوآرڈینیشن میں کیے جا رہے ہیں۔
ایک اور اسرائیلی عہدیدار نے کہا ہے کہ فوج نے یمن میں حوثیوں کے متعدد اہداف پر حملہ کیا ہے اور اعلان کیا کہ الحدیدہ کی بندرگاہ کو شدید ضرب لگائی گئی ہے۔ انہوں نے الحدیدہ میں حوثیوں کے ایک اہم کارخانے کو نشانہ بنانے کا بھی انکشاف کیا۔
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب "العربیہ " کے نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو نے یمن پر حملوں پر تبادلہ خیال کے لیے وزارت دفاع کی عمارت میں اپنی سکیورٹی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق الحدیدہ کی بندرگاہ اور بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ان کی سرگرمیاں معطل کرنے کے لیے نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی میڈیا نے ہی بعد میں بتایا کہ یمن پر حملے ختم ہو چکے ہیں۔
مزید حملے
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی ہے جب امریکہ نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران حوثیوں پر اپنے حملے تیز کر دیے تھے اور یمن کے 5 صوبوں میں ٹھکانوں پر 29 حملے کیے تھے۔ اس کے برعکس حوثیوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ بار بار ہوائی اڈوں کو نشانہ بنا کر اسرائیل پر مکمل فضائی ناکہ بندی مسلط کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ گروپ کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع کے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ہم عالمی ایئر لائنز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے طیاروں اور مسافروں کی حفاظت کے لیے اسرائیل کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں دھمکی دی ہے کہ اسرائیل حوثیوں کے خلاف اسی طرح کارروائی کرے گا جیسا کہ اس نے پہلے کی تھی۔ اسرائیلی فورسز یمن میں گروپ کے خلاف مزید حملے کریں گی۔ انہوں نے کہا اسرائیل حوثیوں کے خلاف کارروائی میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کر رہا ہے۔
دوہرے حملے
اسرائیلی فوج کے سابق چیف آف سٹاف اور نیشنل یونٹی پارٹی کے رہنما بینی گانٹز نے حوثی میزائل کے جواب میں اسرائیلی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ براہ راست ایران پر حملہ کر دیں۔ یہ بیانات اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز کی جانب سے حوثیوں اور ان تمام لوگوں پر دوہرے حملے کرنے کی دھمکی کے بعد سامنے آئے ہیں۔
واضح رہے حوثیوں نے اتوار کو ایک میزائل داغا جو اسرائیلی بن گوریون ہوائی اڈے کے قریب گرا تھا، اس حملے میں کچھ اسرائیلی زخمی بھی ہوئے تھے۔ یاد رہے امریکہ 15 مارچ سے یمن میں حوثیوں کے گڑھ پر حملے کر رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر گروپ کوئی حملہ کرتا ہے تو ایران کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔