تنظیم سے علاحدگی کی وجوہات درست نہیں: عالمی ادارۂ صحت کا امریکہ کو جواب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

عالمی ادارۂ صحت نے امریکہ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم سے علاحدگی کی وجوہات درست نہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانوم گیبریئسوس نے ہفتے کے روز کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے ادارے سے علاحدگی کے لیے جو وجوہات بیان کی گئی ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کا اس ہفتے عالمی ادارۂ صحت سے باضابطہ علاحدگی کا اعلان نہ صرف امریکہ بلکہ پوری دنیا کو غیر محفوظ بنا دے گا۔

ٹیڈروس ادہانوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر ایک پوسٹ میں کہا: بدقسمتی سے عالمی ادارۂ صحت سے علاحدگی کے امریکی فیصلے کے لیے جو وجوہات پیش کی گئی ہیں، وہ درست نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کے تحت کام کرنے والا یہ ادارہ ہمیشہ امریکہ اور تمام رکن ممالک کے ساتھ ان کی خودمختاری کا مکمل احترام کرتے ہوئے پیش آتا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور وزیرِ صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے جمعرات کو ایک مشترکہ بیان میں واشنٹن کے عالمی ادارۂ صحت سے باضابطہ انخلا کا اعلان کیا تھا۔

بیان میں عالمی ادارۂ صحت پر کورونا وائرس کی وبا (کووِڈ-19) کے دوران متعدد ناکامیوں کا الزام لگایا گیا اور کہا گیا کہ ادارہ بار ہا امریکہ کے مفادات کے خلاف اقدامات کرتا رہا ہے۔ تاہم عالمی ادارۂ صحت نے تاحال امریکہ کے انخلا کے فیصلے کے باضابطہ طور پر نافذ ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں